بھارت میں جرائم کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ

جرائم کے سب سے زیادہ واقعات اتر پردیش میں رونما ہوئے جبکہ دیگر شہروں میں نئی دہلی سرفہرست رہا

منگل 5 دسمبر 2017 04:30

بھارت میں جرائم کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ
نئی دہلی ۔ 4 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2017ء) بھارت میں سال 2016 ء جرائم کی تعداد میں 2.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جرائم کے سب سے زیادہ واقعات اتر پردیش میں رونما ہوئے جبکہ دیگر شہروں میں نئی دہلی سے اس لحاظ سے سرفہرست رہا۔ جرائم کا ریکارڈ رکھنے والے بھارت قومی ادارے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں 2016ء میں جنسی زیادتی، اغواء، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے واقعات میں 2.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ جاری این سی آر بی کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2016 میں ملک بھر میں جرائم کے مجموعی طور پر 48 لاکھ 31 ہزار 515 واقعات درج کئے گئے۔ ان میں 29 لاکھ 75ہزار711 انڈین پینل کوڈ کے تحت آنے والے اور 18 لاکھ 55 ہزار 804 واقعات خصوصی اور مقامی قانون (ایس ایل ایل) کے تحت درج کئے گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جرائم کے لحاظ سے صوبہ اترپردیش سرفہرست رہا۔

یہاں سب سے زیادہ 9.5 فیصد جرائم درج کئے گئے۔ دوسرے نمبر پر مدھیہ پردیش اور تیسرے نمبر پر مہاراشٹر رہا جہاں ایسے واقعات کی شرح بالترتیب 8.9 اور 8.8 فیصد رہی۔ ان تینوں صوبوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ دلتوں یعنی انتہائی پسماندہ سمجھے جانے والی ذاتوں کے خلاف جرائم میں بھی سب سے زیادہ اضافہ ان پانچ صوبوں میں ہوا جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی یا اس کی اتحادی جماعت کی حکومت ہے۔

دلتوں کے خلاف جرائم کے لحاظ سے مدھیہ پردیش سرفہرست رہا۔ اس کے بعد راجستھان، گوا، بہار اور گجرات کا نمبرآتا ہے۔ این سی آر بی کے مطابق سال 2016 میں دلتوں کے خلاف جرائم میں 5.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کے خلاف مجموعی طور پر جرائم کی تعداد میں 2.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم کے سب سے زیادہ 15.5 فیصد (49262) واقعات اترپردیش میں پیش آئے۔

اس کے بعد مغربی بنگال کا نمبر آتا ہے، جہاں 32513 واقعات (9.6 فیصد) درج کیے گئے۔ جنسی زیادتی کے واقعات میں 2016ء میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سال 2016 ء عصمت دری کے 38947 واقعات رونماء ہوئے۔ ان میں سب سے زیادہ واقعات (12.4 فیصد) مدھیہ پردیش میں پیش آئے۔ اتر پردیش (12.4فیصد) دوسرے اور مہاراشٹر (10.7فیصد) تیسرے نمبر پر رہا۔ خواتین کے خلاف تشدد کے زیادہ تر واقعات میں شوہر یا قریبی رشتہ دار ملوث تھے۔

قومی دارالحکومت دہلی ملک کے انیس بڑے شہروں میں سب سے غیر محفوظ شہر رہا۔ یہاں خواتین کے ساتھ زیادتی کے تقریباً چالیس فیصد اور خواتین کے خلاف دیگر جرائم کے 33 فیصد واقعات درج کئے گئے۔ خواتین کے خلاف جرائم میں ان کے ساتھ دست درازی، اغواء اور جنسی زیادتی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دہلی میں ہر روز اوسطاً گیارہ خواتین کواغواء کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :