دہلی کی تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں پر ہونے والے حملے خوفناک عمل ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں،سید علی گیلانی

پیر 4 دسمبر 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دہلی کی تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں پر ہونے والے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے اس واقعے کو ایک خوفناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل نے تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ تمام قیدی بے گناہ ہیں جنہیں جھوٹے الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان تمام قیدیوں کو فوری طور پر مقبوضہ وادی کی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن،ایشیا واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے عوامی تحفظ قانون کے اندھا دھند استعمال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔