حکمرانوں کی توجہ عوامی مسائل کے ازالے پر ہونے کے بجائے پر ہجوم جلسے جلوس کے انعقاد پر پر رہتی ہے‘ افتخار محمد چوہدری

قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتا ہے ورنہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، اب بھی وقت ہے حکمران و سیاستدان ہوش کے ناخن لیں‘ وفد سے گفتگو

پیر 4 دسمبر 2017 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2017ء) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر و سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی توجہ عوامی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے ازالے پر ہونے کے بجائے پر ہجوم جلسے جلوس کا انعقاد پر رہتی ہے،قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتا ہے ورنہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران و سیاستدان ہوش کے ناخن لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے ہیومن رائٹس سیل پنجاب کے صدرمدثر چوہدری کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے غلام مجتبیٰ ،رانا نعمان،بلال مغل، میاں اظہر پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ اسلامی عقائد، تہذیب و ثقافت ،معاشی و اقتصادی قیام پاکستان کے بنیادی عوامل و محرکات ہیں۔

(جاری ہے)

نظریہ پاکستان ، قائد اعظم ولیاقت علی خان و دیگر رہنمایان سیاست وملت نے ان وجوہات کی بناء پر مسلمانان ہند کی ایک بڑی اکثریت کو ہندو ساہو کا ر کی سود خوری کے پھندے سے نجات دلانے کیلئے اپنا سب کچھ دائو پر لگا کر پاکستان حاصل کیا۔

قائد اعظم نے اپنے ترکہ و راثت کو تین حصوں میں تقسیم کر ا کر مسلمانان ہند و پاکستان کے تعلیمی اداروں کے لئے وقف کیا۔ لیاقت علی خان شہید ملت نے ہندوستان میں اپنی نوابی اور اربوں کی جائیداد اور کوٹھیوں کو پاکستان پر واری نیاری کر دیا۔ ان دونوں رہنمائوں نے اپنی متروکہ املاک کے بدلے میں پاکستان میں کوئی جائیداد و غیرہ حاصل نہیں کی۔ یہی وجہ تھی کہ یہ دونوں عظیم قائدین جب اس دنیا سے گئے تو ایک پٹیچر ایمبو لینس کے سبب، ہسپتال نہ پہنچ سکے اور دوسرے پھٹی بنیان پہنے سید اکبر افغانی کی ظالمانہ گولی کا شکار بنے۔

مگر موجودہ حالات میں نا اہل اور کرپٹ سیاستدانوں نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ سیاست کے سینے میں دل اورکھوپڑی کے اندر دماغ نہیں ہوتا۔ حکمرانوں کی توجہ عوامی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے ازالے پر ہونے کے بجائے پر ہجوم جلسے جلوس اور کارنر میٹنگز کے انعقاد پر رہتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کی جماعت کے قیام کا مقصد اقتدار کی سیاست نہیں بلکہ عوام کی خدمت،انکی فلاح و بہبودو انصاف کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کا عادل وخالق زیادہ دیر تک اپنی مخلوق پر ظلم و ستم برداشت نہیں کر تا لہٰذا اب بھی وقت ہے کہ حکمران و سیاستدان ہوش کے ناخن لیں۔ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا ئیںکیونکہ ''قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتا ہے '' ورنہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے۔ ہیومن رائٹس سیل پنجاب کے صدر مدثر چوہدری نے پارٹی سربراہ افتخار محمدچوہدری کو اپنے ونگ کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل و انصاف کی مفت فراہمی کو یقینی بنانیکے لئے کئیے جانے والے اقدامات بارے تفصیلا آگاہ کیا جس پر صدر پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی و سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے ان کی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں اسی جذبے اورنیک نیتی کیساتھ صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :