احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں محمد نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، سماعت (کل ) تک ملتوی

پیر 4 دسمبر 2017 17:59

احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں محمد نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2017ء) احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت (کل )منگل تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے محمد نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جس کا اطلاق (آج ) منگل سے ہونے والی سماعت سے ہو گا جبکہ عدالت نے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست میں رد و بدل کی استدعا مسترد کردی اور ان کا استثنیٰ 15 دسمبر تک برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران دو مرتبہ وقفہ کیا گیا اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ 2 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

پہلے وقفے کے بعد عدالت نے سابق وزیر اعظم کے وکیل کا موقف سننے کے بعد نجی بینک سے تعلق رکھنے والے استغاثہ کے گواہ ملک طیب احمد کا بیان قلم بند کیا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آٹھویں مرتبہ جبکہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر 10ویں مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔