نیب ریفرنسز، مریم نواز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد

پیر 4 دسمبر 2017 17:24

نیب ریفرنسز، مریم نواز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2017ء) احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی جب کہ مریم نواز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی جس کا اطلاق(آج) ہونے والی سماعت سے ہوگا۔جب کہ جج محمد بشیر نے مریم نواز کی حاضری سے استثنی کی درخواست میں رد و بدل کی استدعا مسترد کردی اور ان کا استثنی 15 دسمبر تک برقرار رکھا ہے۔نیب ریفرنسز کی سماعت کے دورا ن دو مرتبہ وقفہ کیا گیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر کے ہمراہ 2 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پہلے وقفے کے بعد نواز شریف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے تو عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد نجی بینک سے تعلق رکھنے والے استغاثہ کے گواہ ملک طیب احمد کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔