پاک فضائیہ کی قدیم سکوارڈن نمبر 6 کے قیام کی 75 ویں سالگرہ تقریب ،ممتاز جنگی افسران، پاک فضائیہ کے سابق سربراہان اور بڑی تعداد میں ریٹائرڈ و حاضر سروس افسران کی شرکت

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے سکوارڈن 6 کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی

اتوار 3 دسمبر 2017 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2017ء) پاک فضائیہ کی قدیم سکوارڈن نمبر 6 کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب پاک فضائیہ کے نور خان ایئر بیس پر اتوار کو منائی گئی۔ پاک فضائیہ کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان ایئر فورس کے ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا افیئرز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں ممتاز جنگی افسران، پاک فضائیہ کے سابق سربراہان اور بڑی تعداد میں ریٹائرڈ و حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں اہم اہمیت کی حامل تاریخی سکوارڈن کے کارناموں پر مشتمل دستاویزی فلم کی بھی عکاسی کی گئی۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے سکوارڈن 6 کی 75 ویں سالگرہ اور خدمات کے اعتراف میں پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری کئے گئے یادگاری ڈاک ٹکٹ کی بھی رونمائی کی۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہی ہے اور اپنی ڈیڑھ دہائی کی اس جنگ میں ہم نے گراں قدر کامیابیاں اور سبق حاصل کئے ہیں۔

اس ضمن میں سکوارڈن نے پاک فضائیہ کو کسی بڑے نقصان کے بغیر دہشت گردی کے خلاف تاریخی کامیابی دلائی۔ نمبر 6 اے ٹی ایس سکوارڈن کو پاک فضائیہ میں قدیم ترین سکوارڈن کے طور پر جانا جاتا ہے جس کا قیام 1942ء میں ٹرینکنو پولی میں عمل میں آیا۔ اس وقت سکوارڈن ہرکولس سی 130 اور سیسنا سی این 235 طیارے استعمال کر رہی ہے۔ یہ سکواردن آفات اور ضرورت کی ہر گھڑی میں قوم کی توقعات پر پورا اترتی ہے۔1965 کی جنگ کے دوران اس سکوارڈن کو بمبار سکوارڈن کے طور پر استعمال کیا گیا اور سابق چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل نور خان نے دشمن کی حدود میں بمباری کرتے ہوئے مشن کی قیادت کی تھی۔ اس سکواردن کو جنگ عظیم دوم میں بھی شرکت کا ایک منفرد اعزاز حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :