وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سے صوبائی وزراء رانا ثنا اللہ اور زعیم قادری کی ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

ن) لیگ آئین کی سربلندی کی جدوجہد کررہی ہے،ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحدہیں‘ خواجہ سعد رفیق دنیا میں ہمارا سیاسی پیر نواز شریف ہے ، میرا استعفیٰ لینا ہے یا دینا ہے یہ فیصلہ انہی نے کرنا ہے ‘صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ

ہفتہ 2 دسمبر 2017 18:41

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سے صوبائی وزراء رانا ثنا اللہ اور زعیم قادری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان اور صوبائی وزیر اوقاف زعیم حسین قادری نے ملاقات کر کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقات میں مال روڈ پر دھرنے کے قائدین سے ہونے والے کامیاب مذاکرات سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی امام قائد اور پیر نوازشریف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آئین کی سربلندی کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوامی حاکمیت اور پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہماری منزل ہے۔ اس کے لیے میں ، رانا ثنا اللہ ، زعیم قادری سمیت رفقا میاں نواز شریف کی قیادت میں متحدہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی حمایت میں لاکھوں لوگ ہوتے ہیں کسی کے آنے جانے سے افراد کو فرق پڑتاہے۔

(جاری ہے)

جماعتوں کے اگر مرکز اور نیوکلیئر مظبوط ہوں گے تو جماعتوں کو فرق نہیں پڑتا۔ یہ تجربہ بار بار دہرایاگیاہے اور میرا مشورہ ہے کہ یہ تجربہ پھر نہ دہرایا جائے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ جبکہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر ہے جہاں میں ہربرس حاضری دیتاہوں، دنیا میں ہمارا سیاسی پیر میاں نواز شریف ہے ، میرا استعفیٰ لینا ہے یا دینا ہے یہ فیصلہ انہی نے کرنا ہے یہ فیصلے جماعتی لیول پر نہ ہم کرسکتے ہیں اور نہ ہم نے کرنے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام علما کرام ہمارے لیے باعث عزت ہیں باعث احترام ہیں اور جتنے بھی مشائخ کرام ہیں وہ بھی باعث عزت و احترام ہیں جو بھی معاملہ ہو بیٹھ کر افہام وتفہیم سے ہونا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے رات مذاکرات میں ہم سب کی نمائندگی کی ہے اور معاملات کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا ہے۔