ریڈ زون احتجاج، بانی ایم کیوایم ،فاروق ستار اور مئیر کراچی سمیت12ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ہفتہ 2 دسمبر 2017 13:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے وزیراعلی ہائوس کے سامنے احتجاج کرنے پر بانی ایم کیوایم ،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،میئرکراچی اورخالد مقبول سمیت 12 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔ہفتہ کووزیراعلی ہائوس کے سامنے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ سمیت دیگر پر دائر کیس کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کے رہنما عدالت میں پیش ہوئے، جن میں قمرمنصور،شاہدپاشا،امجداللہ، محفوظ یارخان اورساتھی اسحاق سمیت خالد مقبول بھی شامل تھے۔اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بانی ایم کیو ایم کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری جبکہ فاروق ستار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈاکٹرفاروق ستار کے وکیل نے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستاربیماری کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکے،حاضری سے استثنی دیا جائے جو عدالت نے منظور کر لیا،عدالت نے جج کی رخصت کے باعث کیس کی سماعت 30دسمبر تک ملتوی کر تے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستار،خالد مقبول سمیت 12 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

یاد رہے کہ آٹھ جون 2016 کو وزیراعلی ہائوس کے سامنے احتجاج کرنے پر ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے خلاف پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں ، توڑ پھوڑ ، ریڈ زون میں داخل ہونے ، لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی دفعات شامل کیں گئیں تھی، پولیس کے مطابق مقدمے میں فاروق ستار ، خواجہ اظہار الحسن ، امین الحق ، وسیم اختر ، خالد مقبول صدیقی ، خوش بخت شجاعت اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کو نامزد کیا گیا تھا۔