مریدکے، ضلع بھر میں عیدمیلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے راستوں سے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا دی جائیں گی، رانا احمد عتیق انور

جمعرات 30 نومبر 2017 20:11

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2017ء) چیئر مین ضلع کونسل شیخوپورہ انجینئر رانا احمد عتیق انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدائت پر ضلع بھر میں عیدمیلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے راستوں سے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا دی جائیں گی اور ان کی سکیورٹی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ میونسپل کمیٹی مریدکے میں مقامی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ضلعی چیئر مین نے کہا کہ نبی آخر الزماںﷺ کی آمد کا جشن منانا ہم سب کا فرض ہے اور اسی فرض کی ادائیگی کے لیے ضلع بھر کی سرکاری عمارتوں پر خصوصی چراغا ں کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ حکومت تمام مکاتب فکر کا احترام کرتی ہے اور ہر مذہبی تہوار کو عقیدت کے ساتھ منانے کی حمائت کرتی ہے۔ رانا احمد عتیق نے مزید کہا کہ انہوں نے ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کے لیے ہر یونین کونسل کو25اور شہروں کے ہر وارڈ کو پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی ہے جس کی مدد سے منتخب عوامی نمائندے ترجیحی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مریدکے شہر کے انڈر پاسز کے مسائل حل کرنے کے لیے نیشنل ہائی وے حکام کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور جلد اس مسئلے کا حل تلاش کر لیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وقتی طور پر شہری نظم و ضبط کا مظاہرہ کرکے ٹریفک پھنسنے جیسے مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ضلع بھر میں بلا تفریق ترقیاتی کام کروا کر شیخوپورہ کو قدیمی مسائل سے چھٹکارا دلایا جائے گا۔