پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام’’ایوی ایشن انڈسٹری: مستقبل کے تناظر اور ٹیکنالوجی کے استعمال‘ ‘کے موضوع پر سیمینارکا انعقاد

جمعرات 30 نومبر 2017 19:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2017ء) -- پاک فضائیہ اور رائل ائیرو ناٹیکل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام نور خان آڈیٹوریم ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ’’ ایوی ایشن انڈسٹری : مستقبل کے تناظر اور ٹیکنالوجی کے استعمال ‘‘کے موضوع پر سیمینا ر کا انعقاد کیا گیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

سائمن لکسمور چیف ایگزیکٹیو رائل ائیرو ناٹیکل سوسائٹی نے بحیثیت کلیدی مقررشرکت کی ۔ ائیر مارشل مجاہد انور خان ، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (سپورٹ)جو کہ چیئر مین رائل ائیروناٹیکل سوسائیٹی اسلام آباد بھی ہیں نے افتتاحی خطاب میں اس سیمینار کے چیدہ چیدہ نکات کو بیان کیا۔ اس سیمینار میںمختلف ملکی اور غیر ملکی مقررین نے ایوی ایشن انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ -’’ ایوی ایشن انڈسٹری ملکی معیشت میں ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور یہ صنعت پاکستا ن میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسی تناظر میں سی پیک کا منصوبہ ملک میں ایوی ایشن انڈسٹری کو مزید فروغ دے گا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کامرہ میں ایوی ایشن سٹی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر ر ہی ہے جو کہ ملکی سطح پر جدید ترین ٹیکنالوجی تیار کر کے ملکی صنعت کو مزید مضبوط کرے گی اور غیر ملکی ایوی ایشن صنعت کی طلب کو بھی پورا کرے گی۔ اس سیمینا رمیں پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران، ایوی ایشن انڈسٹری کے منتخب ارکان اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔