وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ایڈز سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 30 نومبر 2017 19:23

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ایڈز سے بچائو کے عالمی دن کے موقع ..
لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں ایڈز سے احتیاط کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ بہتر زندگی بسر کرکے اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔انہوںنے کہا کہ ایڈز سے بچائو کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے موثر انداز میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈز جیسی مہلک بیماری سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں۔ صحت مند زندگی بسر کرنے کیلئے مثبت رویوں کو اختیار کیا جائے اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے کیونکہ اس مہلک مرض سے بچنے کا یہی بہتر طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام میں ایڈز کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچائو کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے اور صوبے میں محفوظ انتقال خون یقینی بنانے کیلئے بلڈسکریننگ کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ایڈز سے بچائو کیلئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کے بارے میں شعور کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائیں گے۔