کشمیریوںکو جیلوں میں حیوانوں کی طرح ما رپیٹ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سید علی گیلانی

کشمیری اپنے مقصد کے حصول تک بھارتی مظالم کا سامنا جاری رکھیں گے لیکن اس کے سامنے ہر گز سرینڈر نہیں کریں گے، چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس

جمعرات 30 نومبر 2017 16:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی اس وقت بے انتہا مظالم کا سامنا ہے اور نظربندوں کو جیلوں میں حیوانوں کی طرح ما رپیٹ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے مقصد کے حصول تک بھارتی مظالم کا سامنا جاری رکھیں گے لیکن اس کے سامنے ہر گز سرینڈر نہیں کریں گے میڈیارپورٹس کے مطابق سید علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار تحریک حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں تنظیم کے مرکزی دفتر پر منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم ظلم اور تشدد کے خلاف آواز اٹھائیں اور اپنے بے گناہ نظر بندوں کی حالت زار سے دنیا کو آگاہ کریں اور اسے بتائے کہ جموں کشمیر میں کس قسم کی ریاستی دہشت گردی چل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا جموں کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے، ہم بھارت غلامی سے ضرور آزاد ہوجائیں گے، ہمیں اپنے اندر عزم اور اخلاص پیدا کرنا ہو گا، یہی ہماری قوت ہے اور اسی قوت کے سہارے ہم آزاد ہوں گے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ مسلمانوں کو اس وقت مسلکوں اور ذات پات کی بنیاد پر لڑایا جارہا ہے، ہمیں ان فتنوں سے پچنا چاہیے اور قرآن وست کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ انہوں نے سیرت پاک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کسی خاص قوم، قبیلے، نسل یا کسی خاص عقیدے کے پیروکاروں ہی کے لیے نہیں، بلکہ تمام انسانیت اور تمام عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گیے ہیں۔

وہ مشرق ہی نہیں مغرب کے لیے بھی پیغامبر بناکر بھیجے گئے ہیں اور آپ ﷺ کا پیغام امن، سلامتی، عدل اور انصاف پر مبنی ہے ۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فارق کانفرنس سے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے موجودہ حالات بہت ہی سنگین ہیں، کشمیری نظر بندوں کو جیلوں میں ظلم وبربیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں ہمارا موقف بالکل واضح ہے کہ اس مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کیا جائے مگر بھارت نے ہم پر سخت پابندیاں عائد کرکے ہمارے خلاف باضابطہ جنگ شروع کردی ہے۔

میر واعظ نے کا کہ ہمیں ہمت نہیں ہارنی ہے کیونکہ ہم حق پر ہیں، ہمارا مطالبہ سچا ہے جبکہ بھارت جھوٹا اور فریبی ہے۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یٰسین ملک نے اپنی تقریر میں کہا کہ وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کا قہر عروج پر ہے اور ٹھٹھرتی سردیوں میں بستیوں کا کریک ڈاؤن کرکے خواتین کی تذلیل اور جوانوں کی مارپیٹ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا بھارتی حکومت اپنے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے استعمال کر رہا ہے تاکہ جموں کشمیر کے لوگ بھارت کے جبری فوجی قبضے کے خلاف آواز بلند نہ کریں، لیکن ہم بھارت پر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں ہے کہ ہم ان کے ظلم وجبر اور زور زبردستی کے آگے کبھی سرینڈر نہیں کریں گے، بلکہ ہم اتحاد اور اتفاق سے اس کے تمام مکروہ منصوبوں کو ناکام بنادیں گے۔

سیدعلی گیلانی کی صدارت میں ہونے والی سیرت کانفرنس کا آغاز مولانا مدثر نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جبکہ نظامت کے فرائض محمد رفیق اویسی نے انجام دئے۔ سیرت کانفرنس سے مولانا غازی معین اسلام، مولانا الطاف حسین ندوی اور بشیر احمد فاروقی نے بھی خطاب کیا جبکہ تحریک حریت جموںوکشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کو بھی کانفرنس سے خطاب کرنا تھا، مگر گھر میں نظر بندی کے باعث اس میں شرکت نہ کر سکے۔ سیرت کانفرنس میں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف ندیم، امتیاز احمد شاہ، عمران احمد خواجہ، نور محمد کلوال، سید محمد شفیع، محمد سلیم زرگر، محمد یٰسین عطائی، مولوی بشیر عرفانی، محمد یوسف مکرو، شاہد اقبال اور معراج الدین ربانی اور دیگر لوگ شریک تھے۔