ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کا سی این جی، ایل پی جی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

بدھ 29 نومبر 2017 22:32

سکھر۔ 29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے ضلع بھر میں سی این جی یا ایل پی جی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بذریعہ گیس چلنے والی گاڑیاں بم کی مثل ہیں جس وجہ سے آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی گھوٹکی مسعود احمد بنگش، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلیم اللہ اوڈو و ای ٹی او سمیت اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں اور موٹروے پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت ضلع بھر میں گیس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت کریک ڈائون شروع کرکے گیس سلینڈر اتارے جائیں اور ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا جائے کہ ضلع میں کہیں بھی گیس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو نہیں چلنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کی سی این جی اسٹیشنز کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کو گیس کی فراہمی بند کریں بصورت دیگر سی این جی اسٹیشنز کو سیل کروادیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تین دن کے اندر ضلع بھر میں آپریشن شروع کیا جائے کیوںکہ گیس پر چلنے والی گاڑیاں بدترین حادثات کا باعث بنتی ہیں جس سے قیمتی انسانی جانیں ضایع ہوجاتی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا ضلع گھوٹکی میں موٹروے پولیس کی کاکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس افسران کو چاہیے کہ وہ اپنی کاکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف موٹروے حکام کو رپورٹ فراہم کریں گے۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے کہا کہ اسی ہفتے ضلع بھر میں ایکسائیز پولیس کے ساتھ آپریشن شروع کیا جائے گا جس کے تحت گیس پر چلنے والی گاڑیوں کو چالان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :