سکھر میں تعمیر شدہ لیبر کالونی کی1024فلیٹس جلد سے جلد محنت کشوں میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا فیصلہ

یہ فیصلہ ڈی سی آفس سکھر میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ اور سندھ کے لیبر و اطلاعات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا

بدھ 29 نومبر 2017 22:02

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2017ء) سکھر میں حکومت کی جانب سے تعمیر شدہ لیبر کالونی کی1024فلیٹس جلد سے جلد محنت کشوں میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے یہ فیصلہ ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس روم میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ اور سندھ کے لیبر و اطلاعات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا ، جس کے دوران سکھر ضلع میںمحنت کشوں کے مسائل اور لیبر کالونی کے فلیٹس اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف معاملوں پر غور و فکر کیا گیا ۔

اجلاس میں ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو ، صنعتکار وں اور محکمہ لیبر کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر لیبر کالونی کے تیا ر شدہ 1024فلیٹس میرٹ اور صاف شفاف طریقے سے محنت کشوں میں تقسیم کئے جائینگے ، جومحنت کش ورکرس ویلفیئر بور ڈ اورEOBIمیں رجسٹرڈ ہونگے ان کو ہی کمپنی شیئرز کے مطابق فلیٹس ملیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی بہبود و ترقی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس لیے صنعتکار اپنے مزدوروں کو متعلقہ محکمہ میں رجسٹرڈ کرائیں کیونکہ رجسٹریشن کی آمدنی سے ہی مزدوروں کو فلیٹس اور دیگر سہولیات مل رہی ہیں ۔ سید خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ فوتی مزدوروں کے کفن اور ورثاء کی فوری اور ابتدائی امدا د کے لیے 50ہزار روپے رکھے گئے ہیں ۔

سندھ کے محکمہ لیبر اور اطلاعات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کو چاہیے کہ و ہ اپنے مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ رجسٹرڈ کرائیں جس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور مزدوروں کو اپنے حق اور تمام سہولیات مل سکیں گی، جبکہ مزدوروں کو سکیورٹی بنیاد پر حکومت کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائینگی تا کہ کسی بھی مزدور سے ناانصافی نہ ہوسکے ۔

صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے ورکرز ویلفیئر بورڈ اورEOBIکا کارڈ ہونا لازمی ہے ، محنت کش بھی خود کو رجسٹرڈ کرانے کے لیے فیکٹری اور کمپنی انتظامیہ پر زور دیں ، محنت کشوں کو صحت کی مد میں آغا خان اسپتال کی سطح پر سہولیات دی جائینگی ، جبکہ تعلیم اور لڑکیوںکی شادی کے لئے بھی خصوصی فنڈ رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیسی اسپتال میں 25بیڈز کااضافہ کیاگیا ہے اور دیگر لیبر کالونی کی مرمت کے لیے ٹینڈر کرائے گئے ہیں ۔

محکمہ لیبر کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے صنعتکاروں کو کہا کہ جو کمپنیا ںاور فیکٹریاں مزدوروں کو رجسٹرڈ نہیں کرائینگی ان کے خلاف لیبر قانون کے تحت کارروائی کی جائیگی ، وہ لیبر قانو ن پر عمل کریں ، جبکہ حکومت لیبر کالونیوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی قائم کرے گی ۔ #