ہمارے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، اپنی محنت اور قابلیت سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،سید رضا علی گیلانی

بدھ 29 نومبر 2017 21:54

ہمارے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، اپنی محنت اور قابلیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2017ء) پرو چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اورصوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانینے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور انہوں نے اپنی محنت اور قابلیت سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی اور انہیں جدید علوم وفنون سے روشناس کرنے کے لیے تمام تر وسائل وقف کر دئیے ہیں تاکہ عالمی مثابقتی دوڑ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

علم پر مبنی معیشت کا فروغ ہی ہماری ترقی اور روشن مستقبل کا ضامن ہے ۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 12ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید رضا علی گیلانی پرو چانسلر اور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے تعلیمی سال 2016کے 1742گریجویٹس کو ڈگریاں اور میڈلز عطا کیے جن میں 5پی ایچ ڈی ، 54ایم فل اور 84گولڈ و74سلور میڈلسٹ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد طلبہ وطالبات کے لیے بہترین موقع ہے کہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قومی ترقی کا حصہ بنیں ۔ عالمگیریت کی بدولت دنیا نہ صرف باہمی رابطے میں آ چکی ہے بلکہ مقابلے کی بھی ایک فضاء قائم ہے اور ہمیں ان چیلنجوں کو اپنے لیے بہترین مواقع سمجھ کر اس دوڑ میں شامل ہونا ہوگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا عظیم منصوبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے سنہری مواقعوں کا حامل ہے ۔

اس منصوبے سے نہ صرف ملکی معیشت بہت مضبوط ہو گی بلکہ نوجوانوں کے لیے بھی ملازمتوں کے نئے در کُھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے گزشتہ تین برسوں میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر کی سربراہی میں ہر شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے ۔ تعلیمی اور تحقیقی معیار میں گرانقدر اضافے کی بدولت یونیورسٹی رینکنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔

بطور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم انہوںنے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جامعہ اسلامیہ کو صوبے کی اُن جامعات میں شامل کیا جائے گا جنہیں عالمی رینکنگ کے لیے تیار کیا جائے گا ۔ بلا شبہ اس یونیورسٹی میں اتنا پوٹینشل ہے کہ عالمی سطح پر رینکنگ میں نمایاں طور پر اُبھر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تعلیمی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی پہلے سے کہیں زیادہ تعداد میں جاری ہیں اور وہ خود بار بار ان اہم مواقع پر جامعہ میں آکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔

جامعہ کے طلبہ وطالبات کا جوش وجذبہ دیدنی ہے اور دوسری جامعات کے لیے ایک بہترین مثال ہے ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں پانچ کانووکیشن منعقد کیے گئے جس کے نتیجے میں سال 2010سے 2016تک کے 7اکیڈمک سیشنز کی ڈگریاں اور میڈلز عطا کر دئیے گئے ۔ دوسری طرف یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یونیورسٹی کے گزشتہ 39برسوں میں صرف 7کانووکیشن منعقد ہوئے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ڈگریوں کی تاخیر کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کر دیا گیا ہے اور آئندہ برس سے یونیورسٹی ہر تعلیمی سیشن کے طلباء کو بروقت ڈگریاں اور میڈل عطا کر گی ۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تدریسی ، تحقیقی اورترقیاتی سرگرمیوں کا بھرپور جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ سیشن میں 21665کی ریکارڈ تعداد میں طلبہ وطالبات نے ملک کے چاروں کونوں سے داخلوں کے لیے درخواستیں دیں ۔

رحیم یار خان کیمپس کی عمارت مکمل ہو چکی ہے جو اُن چار میگا پراجیکٹس میں سے ایک ہے جنہیں گزشتہ تین سالوں میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے گئے۔ اِن میں بہاولنگر کیمپس ، زرعی کالج اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کی بڑی عمارات شامل ہیں۔ انفراسٹرکچر میں غیرمعمولی بہتری کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام کیمپس انتہائی جدید روپ اختیار کر چکے ہیں ۔

دوسری جانب اکیڈمک کیلنڈر کے کامیاب نفاذ سے تعلیمی معیار میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کانووکیشن میں خصوصی شرکت پر صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محترمہ صبیحہ نذیر ، صوبائی اراکین اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی اور حسینہ بیگم ، صدر چیمبر آف کامرس اعجاز ناظم اور دیگر معززین اور اساتذہٴ وطلبہ وطالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :