جوش ملیح آبادی، ابوالاثر حفیظ جالندھری اور جمیل الدین عالی جیسی شخصیات ہمارا بیش قیمت ادبی اثاثہ ہیں،

سرکاری عمارات اور شاہراہوں کو قومی شخصیات سے منسوب کرنا اپنے قومی ورثہ کی حفاظت ہے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 29 نومبر 2017 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سرکاری عمارات اور شاہراہوں کو قومی شخصیات سے منسوب کرنا اپنے قومی ورثہ کی حفاظت ہے۔ بدھ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ جوش ملیح آبادی، ابوالاثر حفیظ جالندھری اور جمیل الدین عالی جیسی شخصیات ہمارا بیش قیمت ادبی اثاثہ ہیں، اردو شعر و ادب اور ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات کا تقاضا ہے کہ اسلام آباد کی شاہرات کو ان معزز شعراء کرام اور ایسی دیگر شخصیات کے ناموں سے منسوب کیا جائے۔

انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں سی ڈی اے سے باضابطہ رابطہ قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہا کہ مہذب اقوام اپنے ہیروز کی قدر افزائی کرتی ہیں۔ اس ضمن میں وزارتِ قانون کے تیار کردہ مسودہ قانون پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جس کا مقصد اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں وفاقی حکومت سے متعلقہ عمارات کو تحریک پاکستان کے مشاہیراور قومی و ادبی شخصیات کے ناموں سے منسوب کرنے کے عمل کو باضابطہ کرنا ہے۔

اجلاس میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے (سی ڈی ای) کے دیگر حکام نے موجودہ قوانین اور ضابطوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ میئر اسلام آباد نے یقین دلایا کہ شاہرات اور عمارات کو قومی مشاہیر اور ہیروز سے منسوب کرنے کیلئے وہ بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے شاہرات اور عمارات کو نامور شخصیات سے منسوب کرنے سے متعلق سی ڈی اے کواپنا ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے کہا تاکہ نئی قانون سازی کے حوالہ سے اس سے مدد لی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی، ممبر ایڈمن سی ڈی اے یاسر پیرزادہ کے علاوہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور سی ڈی اے کے دیگر حکام شریک تھے۔