رانا ثنا اللہ کو لے کر آئیں،اپنے بیان کی وضاحت کریں،ٹی وی پر کہیں قادیانیوں کو کافر سمجھتے ہیں‘ پیر حمید الدین سیالوی

زعیم حسین قادری کی ختم نبوت کے معاملے پر پیر آف سیال شریف سے ملاقات ،ناراض اراکین اور رہنمائوں کو منا لیا رانا ثنا اللہ کے استعفے پر بات کی ،پیر حمید الدین نے رانا ثنا اللہ کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کرنے کی بات کی ہے‘ زعیم قادری

منگل 28 نومبر 2017 22:34

رانا ثنا اللہ کو لے کر آئیں،اپنے بیان کی وضاحت کریں،ٹی وی پر کہیں قادیانیوں ..
لاہور/سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2017ء) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور زعیم حسین قادری نے ختم نبوت کے معاملے پر ناراض اراکین اور رہنمائوں کو منا لیا جبکہ پیر آف سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی نے ملاقات کرنے والے زعیم حسین قادری کو کہا ہے کہ وہ بیان کی وضاحت کے لئے رانا ثنا اللہ خان کو لے کر آئیں ،وزیر قانون کلمہ پڑھیں ،ٹی وی پر کہیں قادیانیوں کو کافر سمجھتے ہیں۔

زعیم حسین قادری نے سرگودھا میں پیر آف سیال شریف پیر سید حمید الدین سیالوی کی رہائشگاہ پر رہنمائوں اور اراکین سے مذاکرات کئے۔اس موقع پر انہیںختم نبوت قانون میں ترمیم کے معاملے پر تحفظات سے آگاہ کیاگیا ۔زعیم قادری نے اراکین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات اور تحفظات وزیراعلی پنجاب کے سامنے رکھے جائیں گے اور ان پر عمل کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پیر حمید الدین سیالوی کے بھتیجے رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی نے فیض آباد دھرنے کے شرکا ء کیخلاف آپریشن پر حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا اور پیر حمید الدین سیالوی نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ان کے ساتھ تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی استعفے دے دیں گے۔لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور دیگر اراکین اسمبلی چوہدری حامد حمید، رانا منور غوث خان اور عبدالرزاق ڈھلوں کے مستعفی ہونے کی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی رکن اسمبلی نظام الدین سیالوی کو منانے کے لئے گئے تھے جنہوں نے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ایک انٹر ویو میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی زعیم قادری نے کہا کہ ناموست رسالت اور ختم نبوت کے مسئلے پر کوئی بھی مسلمان ذرہ برابر بھی گفتگو نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مثبت انداز میں چیزوں کو سمیٹنے کی بات کی۔ زعیم قادری کا کہنا تھا کہ یقینا ناموس رسالت اور ختم نبوت کے مسئلے پر کوئی بھی مسلمان ذرہ برابر بھی گفتگو نہیں کر سکتا۔

اس لیے پیر حمید الدین سیالوی کی ناراضگی بجا تھی کیونکہ ان کے علم میں کچھ ایسی باتیں تھیں لیکن انہوں نے نا صرف میری باتیں سنیں بلکہ انہیںتسلیم بھی کیا۔ انہوں نے گفتگو جاری رکھنے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی بات بھی کی۔ایک سوال کے جواب میں زعیم قادری کا کہنا تھا کہ حمید الدین سیالوی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے استعفے پر بات کی تھی جس پر میں نے انہیںکہا تھا کہ میں قائدین کے سامنے آپ کی بات پہنچا دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پیر حمید الدین نے رانا ثنا اللہ کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کرنے کی بات کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پیر آف سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی نے زعیم قادری سے کہا ہے وہ رانا ثنا اللہ خان کو یہاں لے کر آئیں او ر وہ اپنے بیان کی وضاحت کریں ،وہ کلمہ پڑھیں اور اور ٹی وی پر کہیں کہ وہ قادیانیوں کو کافر سمجھتے ہیں۔