شہباز شریف کی ہدایت پر زعیم قادری کی پیر خواجہ حمید الدین سیالوی سے ملاقات

استعفے واپس لینے کی درخواست، پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے پنجاب حکومت کو رانا ثنا اللہ کی برطرفی کیلئے تین دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی، حکومت ہرگز ختم نبوت قانون میں کسی قسم کی ترمیم نہیں کر رہی اس لئے ارکان اسمبلی کے استعفے دینے کا فیصلہ واپس لیں، زعیم قادری، اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہمارے پاس41 سے زائد ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے موجود ہیں جنہیں کوئی روک نہیںسکتا، پیر خواجہ حمید الدین سیالوی

منگل 28 نومبر 2017 21:05

شہباز شریف کی ہدایت پر زعیم قادری کی پیر خواجہ حمید الدین سیالوی سے ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2017ء) سابق سینیٹر سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے حکومت کو تین دسمبر کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنائ اللہ کی برطرفی سمیت دیگر مطالبات کو تسلیم کرنے کا الٹی میٹم دیدیا۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے ترجمان صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری کو ارکان اسمبلی کے استعفے واپس کرانے کیلئے آستانہ عالیہ سیال شریف بھیج دیا جہاں زعیم قادری نے پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کر کے حکومت اور تحریک لبیک یارسول اللہ کے مابین طے پانے والے معاہدہ سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ہرگز ختم نبوت قانون میں کسی قسم کی ترمیم نہیں کر رہی اس لئے وہ ارکان اسمبلی کے استعفے دینے کا فیصلہ واپس لیں۔

(جاری ہے)

پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے انہیں متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ان کے پاس41 سے زائد ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے موجود ہیں جنہیں کوئی روک نہیںسکتا۔ پیر حمیدالدین سیالوی نے صوبائی وزیر کو اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنائ اللہ اپنے بیان پر فوری معافی مانگیں اور وزارت اسے استعفیٰ دیں اس کے علاوہ فیض آباد دھرنا میں شہید ہونے والے افراد کی قتل کی ایف آئی آر کے انتظامیہ کیخلاف درج کئے جائیں اور انتخابی اصلاحات بل میں ختم نبوت کے حوالہ سے تبدیل کرنے والے عناصر کو فوری طور پر سرکاری عہدوں سے برطرف کر کے ان کو سخت سزا دی جائے۔

جس پر صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری نے پیر حمید الدین سیالوی کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف تک پہنچائیں گے۔جس پر پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے مطالبات ماننے کے لئے 3 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دیدی اور بصورت دیگر لاہور میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔