نفسا نفسی کے دور میں بزرگان دین کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہوگا،بلال یاسین

منگل 28 نومبر 2017 20:41

لاہور۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت عزیزالدین پیر مکیؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز کیا، انہوں نے دربار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا بھی کی،دربار پر حاضری کے موقع پر مختصر گفتگو میں صوبائی وزیر نے برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی شمع روشن کرنے میں اولیائے کرام کے کردار کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر مکیؒ کا شمار برصغیر میں تشریف لانے والے اولین بزرگوں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے عمل اور کردار کے ذریعے ہزاروں افراد کومتاثر اور دائرہ اسلام میں کیا ، آج بھی ان کا مزار اقدس مرجع خلائق ہے جہاں لوگ حاضری دے کر اپنے روحانی مسائل کا حل پاتے ہیں، بلال یاسین نے کہا کہ آج کے مشینی اور نفسا نفسی کے دور میں ہم سب کو کامیابی کیلئے بزرگان دین کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہوگا،معاشرے میں رواداری اور بین العقائد ہم آہنگی کیلئے صوفیا کا کرداربہترین رہنمائی فراہم کرسکتاہے، انہوں نے کہا کہ حسب روایت اس بار بھی جشن میلادالنبیؐ نہایت جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :