سی ٹی ڈی نے ملتان میں کارروائی کر کے 5مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا،ڈی آئی خان سے دو ٹارگٹ کلرز بھی گرفتار

ملتان سے گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جو اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے‘ ذرائع کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے علمدار حسین اور محسن علی نے کچھ عرصہ قبل طارق جمیل کو قتل کیا تھا، تمام ملزمان نامعلوم مقام پر منتقل

منگل 28 نومبر 2017 19:14

ملتان/لاہور/ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2017ء) ملتان میں کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے چھاپہ مار کر 5مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اورپانچ ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے۔ذرائع کے مطابق ملتان میں سی ٹی ڈی نے ایک خفیہ اطلاع پر ہیڈ محمد والا کے قریب کامیاب کارروائی کر کے 5مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور 5 ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے جنہیںبم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا جب کہ ایک پسٹل بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا گیا ہے جو اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔گرفتار مبینہ دہشتگردوںکو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزمان علمدار حسین اور محسن علی نے کچھ عرصہ قبل طارق جمیل کو قتل کیا تھا-دونوں ملزمان نے وقوعہ تسلیم کیا ہے۔ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔