ایک وزیر کا استعفیٰ بکرے کی ماں کو بچانے کیلئے دلوایا گیا‘ڈاکٹر طاہر القادری

تحقیقاتی رپورٹ کا منظر عام پر نہ آنا لمحہ فکریہ ہے ‘ سربراہ پاکستان عوامی تحریک /آج وطن پہنچیں گے

پیر 27 نومبر 2017 21:37

ایک وزیر کا استعفیٰ بکرے کی ماں کو بچانے کیلئے دلوایا گیا‘ڈاکٹر طاہر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے میں ایک وزیر نہیں پوری حکومت ملوث ہے ،جب تک وزیر اعظم اور کابینہ ڈرافٹ کی منظوری نہ دے کوئی بل ایوان میں پیش نہیں ہوتا ،قانون کا بدلہ جانا محض اتفاق نہیں تھا ، تحقیقاتی رپورٹ کا منظر عام پر نہ آنا لمحہ فکریہ ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ایک وزیر کا استعفیٰ بکرے کی ماں کو بچانے کیلئے دلوایا گیا۔سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ ہو یانیوز لیکس کی یا ختم نبوت قانون بدلنے کی تحقیقات ہو،حکمرانوں کی مرضی کی فائنڈنگ نہ آئے تو وہ شائع کرنے سے انکار کر دیتے ہیں ، پوری حکومت کا استعفیٰ ناگزیرہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کا مشترکہ اجلاس گزشتہ روز چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں سربراہ عوامی تحریک کی وطن آمد پر انکے استقبال کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور29نومبر 11اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان پر’’ تاجدار ختم نبوت کانفرنس‘‘ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ۔

کانفرنس میں لاکھوں اسلامیان پاکستان و عشاقان مصطفی ﷺ شریک ہونگے ۔کانفرنس سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کرینگے ۔اس حوالے سے اجلاس میں 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ،تحریک منہاج القرآن کی طرف سے گزشتہ رات کانفرنس کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری بروز منگل کو صبح 4بجے وطن پہنچیں گے۔