صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کی زیر صدارت یوم قائدکے موقع پررنگا رنگ تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس

پیر 27 نومبر 2017 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2017ء) صوبائی وزیرسکولزایجوکیشن کی زیر صدارت یہاں چلڈرن لائبریری کے کمیٹی روم میں 25دسمبر کویوم قائد کے موقع پر رنگا رنگ تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری، سیکرٹری سکولزایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک، سپیشل سیکرٹری سکولزرانا حسن اختر اورڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شاہد اقبال کے علاوہ ہائر ایجوکیشن ، فنانس، ویمن ڈویلپمنٹ، سپورٹس ، پولیس اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں یوم قائد کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم قائد کو قومی جذبے کے تحت بھر پور انداز سے منایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر جامعہ پنجاب میں ایک تاریخی میگا ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پنجاب بھر میںضلعی سطح پرسکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، اریگیشن، ویمن ڈویلپمنٹ اور آرکائیوز سمیت مختلف محکموں میں رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوں گی اور آرٹس کونسلز کے اشتراک سے ڈراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر دو لاکھ ٹیچرز کی حلف برداری، قومی ترانہ پڑھنے اورپرچم لہرانے کی تاریخی تقریب بھی منعقدہو گی تا کہ اسے ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔

اس تقریب کو گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پرقومی یکجہتی کے فروغ کیلئے دیگر صوبوں کے طلبہ کوبھی مدعو کیا جائے گااورمختلف صوبوں کی علاقائی ثقافت کوعوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے یوم قائد کی تقریبات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری،ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شاہد اقبال اور سپیشل سیکرٹری سکولزرانا حسن اخترسمیت دیگر افسران کی سربراہی میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں۔