سوئی گیس کی قلت ، مختلف اضلاع میں سی این جی سٹیشنز بند

پنجاب میں 8 سو میں سے 3 سو سٹیشنز چل رہے ہیں ، کاروبار تباہ ہونے کی وجہ سے متعدد پمپ ملازمین کو گھر بھجوا دیا گیا

پیر 27 نومبر 2017 16:35

ملتان ، وہاڑی ، میلسی ، کہروڑ پکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2017ء) سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث پنجاب بھر کے بیشتر اضلاع میں سینکڑوں سی این جی سٹیشن بند کر دیئے گئے ، جبکہ نواحی علاقوں میں گیس کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سوئی گیس کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جہاں گھریلو صارفین متاثر ہیں وہاں ہی کمرشل سیکٹر میں سی این جی سٹیشن بھی بری طرح لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں جس کے نتیجے میں پنجاب میں 800 میں سے صرف 300 سی این جی سٹیشن چل رہے ہیں ان میں بھی پریشر کی کمی ہے ، جبکہ 500 پمپ مالکان نے 4 روز قبل گیس پریشر نہ ہونے اور کاروبار تباہ ہونے کی وجہ سے پمپ بند کرکے ملازمین کو گھر بھیج دیا ہے ۔

ملتان ریجن میں 120 میں سے 70 پمپ بند اور 50 پمپ کم پریشر کے ساتھ چل رہے ہیں جن میں ملتان ضلع کے 35 پمپ بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وہاڑی ، میلسی ، کہروڑ پکا اور دیگر علاقوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ شدت کے ساتھ جاری ہے جس کی وجہ سے خواتین کو خاص طور پر دقت کا سامنا ہے ۔ اکثر بچے اور بڑے خالی پیٹ سکول اور دفاتر جانے پر مجبور ہیں ، اس صورت حال میں لکڑیوں اور ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، تنور مالکان نے بھی روٹیاں مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کر دی ہیں ، عوامی سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ بند کی جائے ۔ ۔