مسلم عسکری اتحاد دہشتگردی کے خاتمے کے لیئے بہترین پلیٹ فارم بنے گا ،ْ اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کا خطاب

اتوار 26 نومبر 2017 20:10

مسلم عسکری اتحاد دہشتگردی کے خاتمے کے لیئے بہترین پلیٹ فارم بنے گا ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2017ء) دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی افتتاحی تقریب ریاض میں منعقد ہوئی۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کولیشن کے اجلاس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک لڑتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کہا کہ مسلم عسکری اتحاد دہشتگردی کے خاتمے کے لیئے بہترین پلیٹ فارم بنے گا-پاک فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں 70 ہزار دہشت گرد حملے ہوئے ہیں جن میں 2 لاکھ افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے اسلامی دنیا کے کئی ممالک متاثر ہوئے جبکہ ان حالات کا سب سے زیادہ اثر عراق، افغانستان اور پاکستان پر ہوا۔

(جاری ہے)

راحیل شریف نے واضح کیا کہ یہ عسکری اتحاد کسی ملک، فرقے اور مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ اتحادی ممالک کیلئے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا پلیٹ فارم ہے۔انہوںنے کہا کہ اتحاد کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہے۔

آئی ایم سی ٹی سی کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ عبداللہ الصالح کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں اسلامی عسکری اتحاد کے آپریشنز کا افتتاح کیا جائے گا۔پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف آئی ایم سی ٹی سی کے ملٹری کمانڈر ہیں جن کا کہنا ہے کہ 21 ویں صدی میں خصوصاً مسلم ممالک کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کے خطرناک رجحان سے مقابلہ ہے۔ جنرل (ر) راحیل شریف کے مطابق آئی ایم سی ٹی سی کا نقطہ نظر 4 اہم امور پر مشتمل ہے جن میں نظریہ، رابطہ، انسداد دہشت گردی فوج اور اس کا مالی تعاون کرنا شامل ہے تاکہ تمام قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑا جاسکے اور امن کو بحال کرنے کی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی تقریب میں 41 رکن ملکوں کے وزرائے دفاع نے شرکت کی۔