ْعافیہ ’’خواتین پر تشدد کی متاثرہ اور تشدد کے خلاف حمایت‘‘ کی منتظر ہے ،ْڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ہفتہ 25 نومبر 2017 16:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2017ء) حکمرانوںاور سرکاری حکام کی بے حسی کے باعث ’’خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے‘‘ اور ’’تشدد کے متاثرین کی حمایت میں بین الاقوامی دن‘‘ کے موقع پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ پربہیمانہ تشدد اور غیرقانونی قید کی5355 دن مکمل ہو گئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ’’خواتین پر تشدد کے خلاف اور تشدد کے متاثرین کی حمایت‘‘ کے عالمی ایام کے موقع پرخواتین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سنیچر کے دن خواتین پر تشدد کے خلاف اور اتوار کو تشدد کے متاثرین کی حمایت میں بین الاقوامی دن منائے جارہے ہیں۔ عافیہ پر تشدد کے کئی عینی شاہدین عالمی سطح پر منظر عام پر آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کو عافیہ جیسے تشدد کے متاثرین کے کیس منظر عام آنے کے بعد متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنا چاہئے ۔ پاکستان کی معصوم اور مظلوم بیٹی عافیہ ’’خواتین پر تشدد کی متاثرہ اور تشدد کے خلاف‘‘ اقوام متحدہ کی حمایت کی منتظر ہے۔

عافیہ نے جرم بے گناہی کی پاداش میں عمرقید کے برابر سزاکاٹ لی ہے ۔عافیہ کی رہائی کیلئے دنیا بھر میں جدوجہد جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال 2016 میں خواتین پر تشدد کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پرعافیہ موومنٹ نے نواز شریف سے ان الفاظ میں استدعا کی تھی کہ ’’وزیراعظم کویہ بات سمجھنا چاہئے کہ اگرانہوں نے عافیہ کو واپس لانے کا وعدہ پورا نہیں کیا تو اللہ تعالی کسی دوسرے غیرتمند حکمران کے ذریعے عافیہ کی واپسی کا بندوبست کردے گا‘‘۔نواز شریف تو اب حکمران نہیں رہے ہیں لیکن ان کی جماعت کی حکومت اب تک قائم ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عافیہ کو وطن واپس لانے کیلئے اقوام متحد ہ کے پلیٹ فارم کو استعمال کریں۔