مقبوضہ کشمیر،حریت کانفرنس کا نظر بندوں کی حالت زار کیخلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کیے جانے والے مظاہرے کے شرکا ء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے

ہفتہ 25 نومبر 2017 13:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریو ں کی حالت زار کے خلاف سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کیے جانے والے مظاہرے کے شرکا ء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ’’نظربندوں کی زندگیوں سے کھلواڑ بند کرو‘‘، ’’ نظر بندوں کو رہا کرو‘‘ کے نعرے درج تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں حکیم عبدالرشید اور بشیر احمد قریشی نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں کہاکہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو جیلوں میں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں بڑے پیمانے پر غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تہاڑ جیل میں نظر بند شبیر احمد شاہ، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، ایاز اکبر، شاہد الاسلام، نعیم احمد خان اور فاروق احمد ڈار اور دیگر کو انتہائی بہیمانہ سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

حریت رہنمائوں نے کہا کہ طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے سبب پیر سیف اللہ کی صحت انتہائی خراب ہو چکی ہے اور انکی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہو چکاہے انہوںنے کہا کہ اگر پیر سیف اللہ یا کسی اور نظر بند رہنما کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ مظاہرے میں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی، امتیاز احمد شاہ، سید محمد شفیع، مولوی بشیر احمد عرفانی، بشیر احمد قریشی، محمد شفیع لون، زمردہ حبیب، یاسمین راجہ، محمد یٰسین عطائی خواجہ فردوس، مدثر ندوی، سید امتیاز حیدر اور دیگر شریک تھے۔