کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، بچے سمیت 5 افراد شہید، 15 زخمی، لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل

ْ وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی دھماکے پر مذمت ، ہلاکتوں پر اظہار افسوس

ہفتہ 25 نومبر 2017 13:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2017ء) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر باباچوک پربس اڈے کے قریب بم دھما کے میںبچے سمیت 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے ۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہفتہ کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر باباچوک پربس اڈے کے قریب بم دھما کہ ہوا جس میں بچے سمیت 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دھماکا خودکش حملہ ہے جس میں حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو سریاب پل کے قریب نشانہ بنایا۔

حملہ آور پہلے سے ہی سریاب پل پر موجود تھا جو فورسز کی گاڑی کو آتے دیکھ کر پیدل چلتے ہوئے گاڑی کے قریب گیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور شہید ہونیو الوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔

جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے اور شواہد اکھٹا کیے جارہے ہیں جب کہ جائے وقوعہ پر خودکش بمبار کے اعضا کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔زیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ۔