فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن:ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع‘لاہور میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 25 نومبر 2017 11:41

فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن:ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع‘لاہور ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25نومبر۔2017ء)اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کرنے پر تحریک لبیک اور دیگر مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا۔اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا ختم کرنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا گیا، جس کے خلاف تحریک لبیک اور دیگر مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں اور ٹائر نذر آتش کیے۔لاہور میں مظاہرین نے مال روڈپر شدید احتجاج کیا ‘مال روڈ کے علاوہ شہرکے مختلف حصوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور کی تمام مرکزی شاہراﺅں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ہے ‘پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں مشتعل مظاہرین نے میٹرو بس کو بھی بند کردیا ہے اور شہر کے مختلف حصوں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے‘شاہدرہ چوک میں مظاہرین نے ٹریفک بلاک کرکے جی ٹی روڈ بند کردی ہے اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے-لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے‘سمبڑیال میں مظاہرین نے اسلام آباد آپریشن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلاکر سیالکوٹ وزیرآباد روڈ بلاک کردیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں دھرنے کی حمایت میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلا نے کچہری چوک بلاک کردی۔ کامونکے اور سادھوکی میں مظاہرین نے اسلام آباد آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کردی۔ روڈ بلاک ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ڈسکہ میں بھی مظاہرین نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کے شرکا پر کارروائی کے خلاف احتجاجاً ریلی نکالی جبکہ رینالہ خورد میں تحریک لبیک یارسول اللہ کے شرکا نے نیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے باعث لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لاہور میں بھی میں داتا دربار کے قریب اور تحصیل ہارون آباد کے قریب بھی دھرنا مظاہرین نے ہڑتال کردی جس کے باعث عدالتی امور بند ہوگئے ہیں۔