فیض آباد میں مظاہرین کے خلاف آپریشن حکومت کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے

حکومت آپریشن کر کے ایک سانحہ کرنا چاہتی ہے جس سے عدلیہ کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 نومبر 2017 11:35

فیض آباد میں مظاہرین کے خلاف آپریشن حکومت کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2017ء): فیض آباد میں مظاہرین کے خلاف آج صبح پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے آپریشن شروع کیا ۔ اسی پر نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی رانا عظیم نے کہا کہ حکومت خود ایک سانحہ چاہتی ہے اور عوام کی تمام تر توجہ اسی طرف لگانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ تاثر دیا ہے کہ ہم کچھ نہیں کرنا چاہتے تھے ہم تو آخری حد تک جانا چاہتے تھے مگر عدالت کے کہنے پر ہم نے یہ آپریشن کیا ۔

رانا عظیم نے کہا کہ حکومت اور بالخصوص مسلم لیگ ن عدلیہ کے خلاف ایک مہم بنانے کے لیے یہ سب کچھ کر رہی ہے ۔ اس مہم کو ملک کے مذہبی اور عوامی حلقوں کی مدد دے چلایا جائے گا۔ حالانکہ عدلیہ نے حکم تب دیا جب حکومت اس معاملے کو مکمل طور پر نظر اندا ز کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم لیگ ن عدلیہ کے خلاف ایک سازش کے تحت یہ سب کر رہی ہے اور یہ آپریشن بھی ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت آج لاہور میں اجلاس ہوا جو صبح نو بجے اسی لیے رکھا گیا تھا کہ ایک جانب آپریشن ہو رہا ہوگا اور دوسری جانب آئندہ کا لائحہ عمل تررتیب دیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر بھی مختلف لوگوں کے ریمارکس ہیں کہ عدلیہ نے زیادتی کروائی ہے۔ اور حکومت کا بھی یہی موقف ہے کہ عدالتی عالیہ کے حکم کے بعد حکومت کو یہ آپریشن کرنا پڑا، جبکہ سچ تو یہ ہے کہ یہ سب کچھ عدلیہ کے خلاف مہم سازی اور ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ رانا عظیم نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: