اسلام آباد،اکادمی ادبیات قازقستان کے ادب کا پاکستانی زبانوں میں ترجمہ کرائے گی

جمعہ 24 نومبر 2017 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء)اکادمی ادبیات پاکستان، قازقستان کے ادب کا پاکستانی زبانوں میں ترجمہ کرائے گی۔ پاکستان اور قازقستان میں ادبی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے قازقستان سے آئے ہوئے ادیبوں کے ایک وفد سے اکادمی میں ملاقات کے موقع پر کہی۔

وفد میں ارنور راخمبکو(سربراہ )، ڈاکٹر سمل طولیبائیو، بخت خوزہ رستمو، بولت طوبائیو، گابت مولدامورت اور پالتور یاکتیارشامل تھے۔ ڈاکٹر قاسم بگھیونے اکادمی کے اغراض و مقاصد اور اس کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اکادمی کے تحت ایک دارالترجمہ کام کر رہا ہے جس کے تحت نہ صرف پاکستانی ادب کے تراجم بلکہ بیرونی دنیا کے ادب کے پاکستان کی زبانوں میں ترجمہ کا کام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ادیبوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اکادمی 1000نادار اور مستحق اہل قلم کو وظیفہ دیتی ہے اور ادیبوں کی انشورنس کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ اکادمی ہر سال پاکستانی زبانوں میں شائع ہونے والے تخلیقی ادب نثر اور شاعری پر’’ قومی و ادبی ایوارڈز‘‘ دیتی ہے ۔

ا سکے علاوہ عمر بھر کی ادبی خدمات کے اعتراف کے طور پر’’ کمال فن ایوارڈ‘‘د یا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہ ماہی ’’ادبیات‘‘ میں بھی غیر ملکی زبانوں سے ادب کے تراجم شائع کیے جاتے ہیں۔ اکادمی نے پاکستانی ادب اور پاکستان کے صوفی شعراء کا روسی زبان میں ترجمہ شائع کیا ہے جو روسی زبان سمجھنے والوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ اکادمی قازقستان سے ادبی روابط بڑھانا چاہتی ہے جس کے تحت نہ صرف دونوں ممالک کے ادب کے تراجم ہوں بلکہ ادبی فود کے تبادلے بھی کیے جائیں ۔

قازقستان کے وفد کے سربراہ ارنور راخمبکونے کہا کہ قازقستان میں علامہ اقبال اورمحمد علی جناح کے حوالے سے بہت کام کیا گیا ہے، وہاںعلامہ اقبال کی تخلیقات کے بہت سے تراجم ہوئے ہیں۔ الفرابی یونیورسٹی نے بھی اقبال کے حوالے سے بہت کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اہل قلم کو قریب آنا چاہیے اس سے ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان میں پاکستانی ادب کے تراجم کے حوالے سے کام کریں گے۔ اکادمی ادبیات کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اکادمی کیطرف سے وفد کو اکادمی کی مطبوعات پیش کیں۔ ۔۔۔