صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کررہی ہے ،محمد عاطف خان

جمعہ 24 نومبر 2017 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کررہی ہے ۔ اور عوام کو تعلیم کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کیساتھ ساتھ صحت کے میدان میں بھی انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وہ حلقہ پی کے 30مردان میں گڑیالہ میں 12کروڑ 24لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے رورل ہیلتھ سنٹر کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

جلسے سے ڈسٹرکٹ کونسل کے اراکین شیربہادر ، علی خان نے بھی خطاب کیا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ اس رورل ہیلتھ سنٹر کی تعمیر سے یہاں کے عوام کو صحت کی وہ سہولیات میسر ہوں گی، جسکے لئے وہ بڑے شہروں کا رخ کرتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اور اس ضمن میں انکی تعلیم اور صحت کو ابتدائی دنوں سے توجہ دی گئی ہے۔

اور یہی وجہ ہے کہ آج خیبر پختونخوا کی تعلیمی اصلاحات کی عالمی سطح پر مثالیں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بہترین ریفارمز کی وجہ سے اب عوام کا اعتماد پولیس پر بحال ہوا ہے۔ اور پولیس حقیقوں معنوں میں عوام کی جان و مال کی محافظ ہیں۔ تعمیراتی کاموں کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومت میں اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے ٹھیکے دئیے جاتے تھے۔

کرپشن اور کمیشن کی وجہ سے آج وہی تعمیراتی کام مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں اورعوام کا پیسہ بے دردی کے ساتھ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا جاچکا ہے ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تبدیلی کا ایک جھلک لوگوں نے خیبر پختونخوا میں دیکھا۔ یہاں پر ہر ادارے میں اصلاحات کئے گئے امن قائم ہوا اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگی میں خوشحالی آئی ۔

انشاء اللہ 2018کے الیکشن کے بعد پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں حکومت قائم کریگی۔ اور عمران خان کی قیادت میں پور ا ملک ترقی کریگا۔ اگر دوسرے ممالک ترقی کرسکتے ہیں تو پاکستان بھی ترقی کرسکتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یہاں کے حکمران نہیں چاہتے کہ عوام ترقی کریں۔وہ چاہتے ہیں کہ یہی پرانا نظام قائم رہے تاکہ انکی نسل درنسل سیاست قائم رہے گڑیالہ میں تعمیراتی کاموں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں پر گرلز ہائی سکول کی منظوری کے ساتھ ساتھ جمنازیم کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔ جبکہ 7روڈز پر بھی تعمیراتی کام جاری ہے۔ جبکہ آنیوالے سکیموں میں 24مسجدوں کی سولرائزیشن بھی کی جائیگی جن کی تکمیل سے یہاں کے عوام کے زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔