آئی جی پنجاب کی عید میلاد النبی ﷺ ؐ کے موقعہ پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 24 نومبر 2017 22:37

آئی جی پنجاب کی عید میلاد النبی ﷺ ؐ کے موقعہ پر فول پروف سیکیورٹی یقینی ..
لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے عید میلاد النبی ﷺ ؐ کے تمام اجتماعات ، محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں جشن عید میلاد النبی ﷺ ؐ کے اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ کے اے کیٹیگری کے حساس جلوسوں اور محافل کے سیکیورٹی پلان نہ صرف خود ترتیب دیں بلکہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامورافسران و اہلکار اپنی حفاظت کیلئے بھی وضع کردہ ایس اوپیز پر عمل در آمدلازمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی ﷺکی محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی75ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اے کیٹیگری کے تمام جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی کیلئے جلوس کے روٹس اور مقامات پر ماہر سنائپرز کو چھتوں پر تعینات کیاجائے اور جلوسوں میں سفید کپڑوں میں کمانڈوز بھی تعینات کئے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی پیش بندی کی جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز اینڈ ڈی پی اوزویڈیو لنک کانفرنس میں عید میلاد النبی ﷺ کے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے کیا ۔

ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی ٹریفک فاروق مظہر، اے آئی جی آپریشنز محمد کاشف سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب نے تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے اضلاع میں حساس دینی عبادت گاہوں اور علاقوں کے گرد روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ اورانٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان آپریشنز کی نگرانی ڈی پی اوخود یا کم از کم سر کل افسر کی سطح کا افسر ضرور کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان آپریشنز میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی ضرور حاصل کیاجائے تاکہ ان آپریشنز کے ذریعے سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں آئی جی پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی پر مامور عملے کو ڈیوٹی پر بھیجنے سے قبل انہیں موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں ڈیوٹی کی اہمیت اور حساسیت پر مکمل بریفنگ دی جائے تاکہ وہ بطریق احسن اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔

کانفرنس میں صوبے کے تمام اضلاع میںلا ء اینڈ آرڈر، کرائم اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور قتل ، ڈکیتی ، راہزنی ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پیشہ ور، عادی ملزمان اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع اور ریجنز میں جرائم کی شرح میں کمی لانے کیلئے اقدامات کو باقاعدہ مہم کی صورت دیں اور سال کے آخری مہینے میں صوبے کی تمام ریجنز اور اضلاع میں جرائم کی شرح میںمزید کمی کوہر صورت یقینی بنائیں ۔دوران کانفرنس آئی جی پنجاب نے پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ میں جام شہادت نوش کرنے والے خیبر پختونخواہ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نورکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی قربانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پولیس سروس کے تمام افسران اور اہلکاروں کیلئے روشن مثال ہے جو کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل آئی جی اشرف نور نے شہادت کے رتبے پر فائز ہو کر پوری پاکستان پولیس سروس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور انکا کیرئیر نوجوان پولیس افسران اور پوری فورس کیلئے قابل تقلید ہے ۔ آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس فورس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کیلئے پھولوں کی چادر بھجوائی جوڈی پی او اٹک خود جاکر انکی قبر پر چڑھائیں گے جبکہ انکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ پڑھی گئی۔

متعلقہ عنوان :