پاکستان کا پہلا ٹورازم ایکسپو منعقد کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے، وزیر ثقافت وسیاحت سردار علی شاہ

دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان کے آسمان سے دہشتگردی کے بادل چھٹ چکے ہیں ، اب اس کا تصور دہشتگردی سے سیاحت کے فروغ میں تبدیل ہو رہا ہے

جمعہ 24 نومبر 2017 22:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا ٹورازم ایکسپو منعقد کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے کیوں کے آج دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کے آسمان سے دہشتگردی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور اب اس کا تصور دہشتگردی سے سیاحت کے فروغ میں تبدیل ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہء سیاحت، ثقافت و نوادرات کے ذیلی ادارہ سندھ ٹورازم ڈولپمنٹ کارپوریشن اور پاکستان ٹریول مارٹ کے اشتراک سے منعقدہ پہلے ٹورازم ایکسپو کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سلیم رضا جلبانی، پیپلز پارٹی کلچر ونگ سندھ کے صدر قاسم سراج سومرو، سیکریٹری کلچر غلام اکبر لغاری, ایس ٹی ڈی سی کے ایم ڈی روشن قناصرو، پاکستان ٹریول مارٹ کے سی ای او علی ہمدانی، ڈائریکٹر کلچر علیم لاشاری اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان و افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

تین روزہ ٹورازم ایکسپو پاکستان ٹریول مارٹ کا آج سہہ پہر کو افتتاح ہوا جب کہ کراچی کے عوام نے آج صبح سے ہی بھرپور شرکت کی اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیاحتی و ثقافتی اسٹالز پر زبردست رش رہا۔ ایونٹ میں ایئرلائن انڈسٹریز، ہوٹل ایسوسی ایشن، ٹریول اینڈ ٹورز آپریٹرز، فارین قونصلیٹس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیاہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا تشخص دہشتگردی و انتہاپسندی کی وجہ سے بہت ہی متاثر ہوا لیکن پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سمیت تمام علاقوں کے شہریوں نے دنیا کو آج یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان محبت اور امن کی دھرتی ہے۔ دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کو بول دیا ہے کہ ’’اب بس، بہت ہوچکا۔

‘‘ آج ہم نے دنیا میں پاکستان کا تصور ٹیررازم سے ٹوئرازم میں تبدیل کرنے کا عملی قدم اٹھا لیا ہے اور آج کے اس ایونٹ میں بیرونی اسٹیک ہولڈرز کی شراکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اس پورے خطے میں ایک بہت ہی زبردست ٹوئرسٹ ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور اب وہ دن دور نہیں جب ملکی سیاحوں کے علاوہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے بھی پاکستان ایک بہتر ٹورئرازم آپشن بن جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ایک سال کے اندر کوشش کی ہے کہ ایس ٹی ڈی سی جیسے غیرفعال ادارے کو نہ صرف فعال کیا بلکہ دیگر بہتریں اداروں کے ساتھ کھڑا ہوکرکے آج اس ایونٹ کی شکل میں ایک تاریخ رقم کی ہے۔بعدازاں صوبائی وزیر اور دیگر مہمانان نے تمام اسٹالز کا دورہ کیا جہاں انکو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ، پنجاب پی آئی ای اور دیگر اداروں نے انہیں اپنے اپنے ثقافتی تحائف پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :