صوبائی مشیر کا ٹنڈو باگو میں کمسن بچے پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس, بچہ کے والدین سے رابطہ، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی

جمعہ 24 نومبر 2017 22:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز نے ٹنڈو باگو بدین میں نجی اسکول میں 5 سالہ بچہ ابوہریرہ پر مبینہ تشدد میں انکی بائیں آنکھ ضائع ہو نے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سے فوراًً رپورٹ طلب کی ہے۔ صوبائی مشیر نے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے تعینات پولیس فوکل پر سن حیدرآباد کو ہدایت دی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر شمیم ممتاز نے بچہ کے والدین سے فون پر رابطہ کیا اور واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کروائی کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جلد ہی بچے کو تشدد کا نشانہ بنا نے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد کو کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے خصوصی طور پر بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت احکامات جاری کئے ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ میں ڈویژنل سطح پر ایس پی رینک کے پولیس افسران کو فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے جبکہ ضلع گھوٹکی کے لیے الگ پولیس فوکل تعینات کیا ہے ۔