سعودی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی آفیشل ویب سائٹ متعارف ، لوگو بھی جاری

آئی ایم سی ٹی سی کی ویب سائٹ تین زبانوں عربی، انگلش اور فرانسیسی میں متعارف کرائی گئی،فوجی اتحاد کے ٹوئٹر اور فیس بک کے لیے بھی تین، تین زبانوں کے علیحدہ، علیحدہ اکائونٹس بنائے گئے ہیں، ویب سائٹ کے ذریعے اسلام کے حوالے سے مثبت پیغام لوگوں کو دیا جائے گا، اعتدال پسندی کو فروغ، تحمل مزاجی اور شدت پسندانہ سوچ کو نشانہ بنایا جائے گا

جمعہ 24 نومبر 2017 22:29

سعودی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی آفیشل ویب ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی آفیشل ویب سائٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔اسلامک ملٹری کائونٹر ٹیررازم کولیشن (آئی ایم سی ٹی سی) کی ویب سائٹ تین زبانوں عربی، انگلش اور فرانسیسی میں متعارف کرائی گئی۔اس فوجی اتحاد کی خبریں عام لوگوں کو فراہم کی جائیں گی جبکہ اس اتحاد کے مختلف شعبوں کا ڈیٹا دیکھا جاسکے گا۔

اس ویب سائٹ کے ذریعے اسلام کے حوالے سے مثبت پیغام لوگوں کو دیا جائے گا، اعتدال پسندی کو فروغ، تحمل مزاجی اور شدت پسندانہ سوچ کو نشانہ بنایا جائے گا۔آسان الفاظ میں یہ ویب سائٹ عام ڈگر سے کافی ہٹ کر ہوگی۔ویب سائٹ کے ذریعے عسکریت پسند تنظیموں کے خیالات کی تردید کے لیے مواد اور شواہد بھی فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ کا ایک حصہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والے سرمائے کی روک تھام کے لیے کام کرے گا جبکہ فوجی اتحاد کے درمیان تعاون کی کوششیں،وسائل اور منصوبہ بندی وغیرہ اس ویب سائٹ کا حصہ ہوں گے۔

فوجی اتحاد نے ٹوئٹر اور فیس بک کے لیے بھی تین، تین زبانوں کے علیحدہ، علیحدہ اکائونٹس بنائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی افتتاحی تقریب اتوار (26 نومبر) کو ریاض میں منعقد کی جائے گی۔سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رواں سال اپریل میں پاکستانی حکومت کی اجازت کے بعد اس فوجی اتحاد کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ویب سائٹ کی طرح اس اتحاد کا لوگو بھی سامنے آیا ہے جو کہ فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس میں دیکھا جاسکتا ہے۔نو کونوں والے ستارے کو سبز پس منظر کے ساتھ سنہری رنگ میں دکھایا گیا جبکہ انگلش اور عربی زبان میں اتحاد کا نام دیا گیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :