ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ فرقہ وارانہ فسادات کی کوششوں کا ناکام بنایا ہے،سینیٹر حافظ حمداللہ

جمعہ 24 نومبر 2017 22:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ فرقہ وارانہ فسادات کی کوششوں کا ناکام بنایا ہے پاکستان کی سلامتی واستحکام اور امن وامان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، یہ بات انہوںنے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی جمعیت علماء اسلام کسی فرقہ وارانہ سازش کا حصہ نہیں بنے گی پشاور میں خود کش بم دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے پشاور بم دھماکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے انہوں نے کہا کہ ربیع الاول میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی کوششیں کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہے حکومت کو ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے جو ملکی،لسانی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں موجودہ ملکی حالات اتحاد و یکجہتی کے متقاضی ہیں انہوںنے کہا کہ ہمارے اکابرین نے ہمیشہ ملک میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور قیام امن کیلئے جدوجہد کی ہے اور جمعیت علماء اسلام اپنے اکابر علماء و مشائخ کے مشن کو لیکر اسلام کی سربلندی اور قومی یکجہتی کیلئے کوشاں ہے انہوں نے پشاور دھماکے میں شہید ہونے والے ایڈیشنل آئی جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں دینے والے پاکستانی قوم کے ہیروہیں انہوں نے کہا کہ ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ فرقہ وارانہ فسادات کی کوششوں کا ناکام بنایا ہے پاکستان کی سلامتی واستحکام اور امن وامان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔