کینال روڈ کے دونوں اطراف 35 کروڑ روپے کی لاگت سے سروس روڈ کی تعمیر کے میگا پراجیکٹ کی تیز رفتاری سے تکمیل یقینی بنائی جائے، ڈی سی

جمعہ 24 نومبر 2017 22:16

فیصل آباد۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء)حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے کینال روڈ کے دونوں اطراف 35 کروڑ روپے کی لاگت سے سروس روڈ کی تعمیر کے میگا پراجیکٹ کی تیز رفتاری سے تکمیل کے لئے ڈبل فورس لگائی جائے اور کوئی بھی چھٹی کئے بغیر روزانہ کی بنیادی پر تعمیراتی کام جاری رکھاجائے ۔ یہ ہدایت ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے سروس روڈ کے تعمیراتی منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی ۔

اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی) احمرسہیل کیفی ‘ ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے اصغر علی ‘ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر نیسپاک امجدسعید ‘ ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللهچیمہ ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈویلپمنٹ )ایف ڈی اے مہرایوب اور دیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کینال روڈ پر کشمیرپل سے گٹ والا تک اورکشمیر پل سے عبدالله پور کی جانب پیدل چل کر سروس روڈ کے منصوبے میں حائل رکاوٹوںکاجائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سروس روڈ کی سمت کو درست کرنے کے لئے بجلی کے پولز کی منتقلی ‘ ناجائز ریمپس اور تجاوزات کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ پودوں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی ) کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے متعلقہ اداروںکی بھرپور معاونت کریں اور حلقہ پٹواری کو ہمہ وقت انجینئر کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور کیا جائے تاکہ زمینوں کی موقع پر پیمائش کرکے سروس روڈ کی سمت درست رکھنے میں آسانی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ سروس روڈ کے لئے کلیئر ہونے والی جگہ پر پتھر ڈالنے سمیت ابتدائی کام فوری شروع کردیا جائے ۔