فیصل آباد، لٹریری فیسٹیول کا آغاز

جمعہ 24 نومبر 2017 22:16

فیصل آباد۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ علم و ادب اورفنون لطیفہ سے وابستہ افراد معاشرے کاگرانقدر آثاثہ ہیں جو اپنی فکری و تعمیری تحریروں اور فن کے ذریعے لوگوں کی صحیح سمت رہنمائی ‘مثبت رویوں کے فروغ اور معاشرتی الجھائو کو سنوارتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں چوتھے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان اصغر ندیم سید ‘ سارہ حیات ‘ مس توشیبا ‘ ڈاکٹر شیبا عالم ‘ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار بھی اس موقع پرموجود تھیں ۔ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے افتتاحی سیشن کی صدارت معروف شاعرہ زہرہ نگار نے کی جبکہ سیاسی و فکری دانشور اعتزاز احسن نے وادی سندھ کی تہذیب اور ہمارا ثقافتی ورثہ اور معروف ادیب آئی اے رحمان نے پاکستانی ادب اور فنون لطیفہ ( ستر سالہ جائزہ ) کے موضوعات پر کلیدی خطبات پیش کئے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے آرگنائنررز اور ملک کے نامور ادبی دانشوروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ علم وادب کے شعبے میں فیصل آباد ایک زرخیز خطہ ہے جس نے ادب کے مختلف اصناف میںمعتبر نام پیدا کئے ہیں ۔ انہوںنے فیسٹیول کو علم و ادب اورفنون لطیفہ کے فروغ کے لئے احسن اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ شائقین علم و ادب کے لئے یہ فیسٹیول ان کے علمی ذوق کی بہترین تسکین کرے گا۔آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر اصغر ندیم سیدنے افتتاحی کلمات میں کہاکہ تسلسل کے ساتھ چوتھے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا انعقاد اس امر کا اعتراف ہے کہ فیصل آباد بڑے شہروں کے ادبی مناظر میں نمایاں دکھائی دیتا ہے۔