آصف زرداری کی زیر صدارت تھرپارکر اور عمرکوٹ اضلاع سے وابستہ ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس

تھر کول منصوبے سے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے دوںوں اضلاع کو بہت بڑا فائدہ ہوگا ،شریک چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعہ 24 نومبر 2017 22:11

آصف زرداری کی زیر صدارت تھرپارکر اور عمرکوٹ اضلاع سے وابستہ ارکان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء) سابق صدرِ پاکستان و پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے بلاول ہائوس میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع سے وابستہ پارٹی کے ارکانِ اسمبلی، بلدیاتی اداروں کے نمائندوں اور معززین نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ قومی اسمبلی فریال تالپور بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

اجلاس میں پی پی پی سندہ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سید قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، ضیا الحسن لنجار، سی اِی سی کے ممبر نواب یوسف تالپور، پی پی پی میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب حسین جیلانی، پی پی پی ضلع تھرپارکر کے صدر سینیٹر گیان چند،پیپلز پارٹ ضلع عمرکوٹ کے صدر سید علی مردان شاہ، صوبائی وزیر سردار علی شاہ، وزیراعلی کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل جیون، نواب تیمور تالپور، ارکانِ سندہ اسمبلی، پارٹی عہدیداران، ڈسٹرکٹ کائونسلز، میونسپلز اور ٹائون کمیٹی کے چیئرمین و وائیس چیئرمین اور معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تھرپارکر اور عمرکوٹ سے وابستہ پارٹی رہنمائوں نے آصف علی زرداری کو سیاسی صورتحال اور پی پی پی حکومت کی جانب سے ان علاقوں میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ تھر کول منصوبے سے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے دوںوں اضلاع کو بہت بڑا فائدہ ہوگا اور اس علاقے کے لوگوں کی قسمت بدلنے والی ہے۔ تھر کول منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا اور امید ہے کہ یہ منصوبہ اپنے مقررہ مدت کے اندر پایئہ تکمیل کو پہنچے گا اور 2019 تک کوئلی سے بننے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائیگی۔