خواتین معاشرے کی اہم جز ہیں ان کے بغیر معاشرہ مکمل نہیں ، یاسمین کریم

شعبہ اکنامکس قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیراہتمام خواتین حقوق کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ، میں شرکاء کی گفتگو

جمعہ 24 نومبر 2017 22:06

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کے زیراہتمام خواتین کے حقوق کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیاگیا،سیمینا ر میں اساتذہ سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اے کے آر ایس پی کی پر وگرام منیجر یاسمین کریم نے کہاکہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کی ضامن اس قوم کی خواتین ہوتی ہیں ۔

جب تک اس قوم کی خواتین مکمل طور پر بااختیار نہیں ہونگی تب تک معاشرے میں ترقی نہیں آسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں خواتین بہت سارے معاشرتی مسائل سے دوچار ہیں ان مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ناگزیر ہوگیاہے ۔اس سے قبل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیومن رائٹس کی کوآرڈینٹر محترمہ مبارکہ نے کہاکہ عورتوں کے حقوق کی تحفظ کے لیے حکومتی سطح پر ٹھوس قانون سازی کرنے سمیت ہر فورم پر خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ خواتین کے حقوق کے لیے کے آئی یو کے طلبہ و طالبات مہم شروع کرے اور معاشرے میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کے لیے اپنا کرادار ادا کرے ۔سیمینار کے آخر میں بزنس منیجمنٹ کے ہیڈ اسسٹنٹ پروفیسر محمد الیا س نے کہاکہ خواتین معاشرے کی بہت اہم جز ہیں ان کے بغیر معاشرہ مکمل نہیں ہوتاہے ۔کے آئی یو میں خواتین کووہ تمام حقوق حاصل ہیں جو مرد حضرات کو ہے۔