قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 100طلبہ وطالبات نے پھسو گلیشئر پرکامیابی سے مہم جوئی مکمل کرلی

جمعہ 24 نومبر 2017 22:06

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 100طلبہ وطالبات نے پھسو گلیشئر پرکامیابی سے مہم جوئی مکمل کرلی،قراقرم یونیورسٹی کے ہائکنگ اینڈ ٹریکنگ کلب اور الپائن کلب پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ اس مہم جو مقابلے میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سے ان 50بوائز اور 50گرلز نے حصہ لیا،جنہوں نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی پہاڑی پر کامیابی سے ہائکنگ کر کے پوزیشن حاصل کی تھی، اس مہم کی نگرانی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے اسسٹنٹ پروفیسر محمد الیاس، لیکچرار مشتاق احمد، ہائکنگ ٹریکنگ کی صدر سیدہ طاہرہ بتول و دیگر فیکلٹی ممبر کررہے تھے۔

جبکہ الپائن کلب کی جانب سے محمد ایاز شگری آرگنائزر تھے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء نے حسینی پل، پھسو پل اور گلیشئر کو تین گھنٹے میں طے کرلیئے، اس مقابلے میں حسب معمول گرلز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کامیابی سے مقررہ ہدف حاصل کیا۔

(جاری ہے)

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہائکنگ و ٹریکنگ کے آرگنائزر راجہ مشتاق احمد نے اس موقع پر بتایا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء تدریسی شعبے کیساتھ ساتھ غیر تدریسی شعبے میں بھی نمایاں مقام حاصل کررہے ہیں،ہمارے طلباء نے ہر سال کی طرح اس سال بھی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سے ملحقہ پہاڑی پر ہائکنگ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اب پھسو ویلی میں گلیشئر اور ڈھلوان راہوں پر مہم جوئی کرکے قومی سطح پر ہونے والے اس نوعیت کے مقابلوں میں شریک ہونے کیلئے راہ ہموار کی ہے جس پر ہمارے طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں۔