امن و رواداری کے بغیرملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، میئرملتان

جمعہ 24 نومبر 2017 21:47

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) مئیر میونسپل کارپوریشن ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں نے کہا ہے کہ امن و رواداری کے بغیرملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں لہذا معاشرے میں امن و بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لئے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو متحد ہو کر جدو جہد کرنا ہوںگی۔ موجودہ حکومت ملک میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے کوشا ں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مئیر آفس میں منتخب بلدیاتی نمائیندوں، سول سوسائٹی اور ملتان پیس فورم کے اراکین سے امن اور رواداری کے فروغ کے حوالہ سے منعقدہ ڈائیلاگ میں کیا جب کے ملتان پیس فورم کے کنونئیر شاہد محمود انصاری کے علاوہ مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین اور ممبران یونین کونسل بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

مئیر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں نے مزید کہا کہ ہمیں قیام امن کے لئے غربت جہالت کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔

اور معاشرے میں انتہا پسندانہ سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ہمیں دین اسلام بھی امن کا درس دیتا ہے تعلیم کے بغیرامن اور ترقی ممکن نہیں ۔لہذا ہمیں امن اور رواداری کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے ۔کنونئیر ملتا ن پیس فور م شاہد محمود انصاری نے کہا کہ امن کاقیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہمیں رنگ ونسل ، ملک وملت اور مذہبی و لسانی تعصبات سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی کے لئے کام کرناہوگا۔ سماجی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دیکر امن کے قیام کو ممکن بنا یا جا سکتاہے۔