سیکرٹری صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کامران رحمن و سیکرٹری اطلاعات قیصر عالم کی زیر صدارت بس ریپڈ ٹرانزٹ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

،پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس حکام کی شرکت،ٹر یفک مسائل سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل پر غور

جمعہ 24 نومبر 2017 21:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) خیبر پختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری کامران رحمن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر عالم کی زیر صدارت بس ریپڈ ٹرانزٹ کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پشاور میں بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل پر غور کیا گیااور اس ضمن میں تفصیلی منصوبہ بندی بھی کی گئی،سیکرٹری اطلاعات نے ہدایات جاری کیں کہ جی ٹی روڈ پر آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں سے آگاہ رکھنے کیلئے بھرپور طریقے سے مہم چلائی جائے۔

تفصیلات کے مطابق متبادل راستوں کی تشہیر ریڈیو خیبر پختونخوا پر عوامی آگاہی پیغامات کے ذریعے کی جائے گی جبکہ اخبارات میں بھی ان متبادل راستوں کی تفصیل اشتہارات کے ذریعے شائع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات قیصر عالم نے ٹریفک پولیس کو بھی عوام کو درپیش ٹریفک مسئلوںکے حل کے لئے موثر کردار ادا کرنے پر زور دیااور واضح کیاکہ متبادل راستوں کے بارے میں پمفلٹس عوام میں تقسیم کئے جائیں، اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ کامران رحمن کا کہنا تھا کہ وہ اوقات جس میں سڑکوں پرٹریفک ہجوم زیادہ ہو ان کی نشاندہی کی جائے اور اس کی مطابقت سے لائحہ عمل مرتب کیاجائے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے مختلف علاقوں کو جانے والے جی ٹی روڈ کے متبادل راستوں کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس اور بروشرز تقسیم کئے جائیں جبکہ ہر علاقے کو شہر کے دوسرے حصہ سے ملانے والے راستوں کی تشہیر وہاں بل بورڈز آویزاں کر کے کی جائے تاکہ شہریوں کو رش میں پھنسنے کی دقت و پریشانی سے بچایا جائے۔ایس پی ٹریفک ریاض محمد نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ایجوکیشن موبائل موجود رہتی ہیں جو وقتاً فوقتاً لوگوں کو معلومات فراہم کرتی ہیں اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے ہیلپ لائن(1915) کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جہاں ٹریفک بارے معلومات لی جا سکتی ہیں۔

اجلاس میں پی ڈی اے حکام کی جانب سے بتایا گیاکہ تعمیراتی کام کی وجہ سے سڑکوں پر موجود گرد و غبار کو کم کرنے کیلئے واٹرٹینکرز کی تعداد بڑھائی گئی ہے جو مختلف اوقات میں سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو کرتے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ اطلاعات عوامی آگاہی کیلئے بھرپور اور موثر کردار ادا کرے گاتاکہ پشاور کے عوام کیلئے یہ ترقیاتی منصوبہ زحمت نہ بنے۔

متعلقہ عنوان :