جمعیت علمائے اسلام نے پی کے 17سے اپنے ایم پی اے فضل شکور خان کو پارٹی سے نکال دیا، ایم پی ا ے پر پارٹی مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے و تنظیمی ہدایات سے روگردانی کے الزامات تھے، مولانا محمد ہاشم خان

جمعہ 24 نومبر 2017 21:41

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) جمعیت علمائے اسلام نے پی کے 17سے اپنے ایم پی اے فضل شکور خان کو پارٹی سے نکال دیا، فضل شکور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے اور تنظیمی ہدایات سے روگردانی کے الزامات ۔ تحریک انصاف کے قائدین مولانا فضل الرحمان اور جے یوآئی کے خلاف آئے روز ہرزہ سرائی کر رہے ہیں مگر فضل شکور خان نے وزیر اعلی پرویز خٹک کے لئے اپنے حجرے میں جلسے کا انعقاد کیا ،فضل شکور خان نے گزشتہ پانچ سال میں ایک گھنٹے کیلئے بھی پارٹی تنظیم تسلیم نہیں کیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان نے کابینہ کے دیگر اراکین جنرل سیکرٹری مفتی پیر گوہرعلی شاہ ، ڈاکٹر الہی جان ، ضلعی ممبر مفتی نور الامین ،ضلعی ترجمان عطاء اللہ اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے پی کے 17کے پارٹی ایم پی اے فضل شکور خان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے اور ان کو پارٹی سے نکالنے کا باقاعدہ اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

مولانا محمد ہاشم خان نے کہاکہ جید علمائے کرام اور جے یوآئی پر مر مٹنے والے پارٹی عہدیداروں کو نظر انداز کرکے گزشتہ عام انتخابات میں فضل شکو رخان کو ٹکٹ دیا گیا مگر موصوف نے کامیابی حاصل کرنے کے بعد جے یوآئی کے کارکنوں ، پارٹی اکابرین ، علمائے کرام اور تنظیم کو نظر انداز کرنا شروع کیا ، پارٹی مخالف سرگرمیوں اور تنظیمی ہدایات سے روگردانی پر ان کو متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے مگر انہوں نے جواب میں کہا کہ نوٹس کا جواب دینا غلامی ہے اور وہ کسی کا غلام نہیں ہے، تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین عرصہ دراز سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے خلاف ہر زہ سرائی کر رہے ہیں مگر اس کے باوجود فضل شکور خان نے وزیر اعلی پرویز خٹک کے لئے اپنے حجرے میں جلسے کا انعقاد کیا ۔

انہوں نے کہاکہ جلسہ کی جگہ تبدیل کرنے کیلئے ان کو باقاعدہ نوٹس جاری کیا گیا مگر انہوں نے نوٹس کا جواب نہیں دیا ۔ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قیادت کو فضل شکور خان کے سر گرمیوں سے مسلسل آگاہ کیا گیا جس کے بعد مرکزی اور صوبائی قیادت کی منظوری سے فضل شکور خان کی رکنیت ختم کرکے ان کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ فضل شکور خان کہ اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائیگا جبکہ صوبائی اسمبلی کے فلور پربھی آواز اٹھائے جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :