خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"کے پہلے مرحلہ میں تمام دیہاتوں سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو ختم کر دیا جائیگا ،ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید

جمعہ 24 نومبر 2017 21:39

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محترمہ صالحہ سعید نے کہاہے کہ "خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام"کے پہلے مرحلہ میں یونین کونسلوں کے چیئر مینوں ،سٹاف اور مقامی دیہی آبادی کے تعاون سے ضلع بھر کے تمام دیہاتوں سے کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں کو ختم کر دیا جائیگا اور اس سلسلہ میں لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی بنیادی ذمہ داری ہو گی کہ وہ اس اہم عوامی پروگرام کو سو فیصد کامیاب بنائیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کے اہداف کے حصول میں کسی سستی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی اور اپنا کام نہ کرنے والے سرکاری ملازمین ،یونین کونسلوں کے سکریڑیز اور عملہ کو گھر بھجوا دیا جائیگا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی ،وائس چیئرمین ضلع کونسل رائے قمرزمان کھرل ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فخرالسلام ڈوگر ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی ،اے سی حافظ آباد امتیاز شاہد گوندل ،اے سی پنڈی بھٹیاں جویریہ مقبول رندھاوا ،یونین ناظمین ،چودھری محمد بخش تارڑ ،چودھری عابد احسان چٹھہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عارف طفیل اور متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اپنی نوعیت کے اس اہم پروگرام کا بنیادی مقصد دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانا اور جا بجا گندگی کے ڈھیروں کو ختم کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے مثالی یونین کو نسل کے چیئرمین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہو گا انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب صفائی کو نصف ایمان قرار دیتاہے اور ایک مسلمان ہو نے کے ناطے ہمیں اپنے گھر کے ساتھ اپنے گلی ،محلے اور گردونواح کو بھی صاف ستھرا رکھنا چاہئے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عارف طفیل نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلہ میں 20دسمبر تک ضلع کے تمام دیہاتوں سے گندگی کے ڈھیر اٹھانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کیا جائیگا اور ہر یونین کونسل میں لوگوں کو شعورو آگاہی فراہم کرتے ہوئے انہیں بھی اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھر پور ترغیب دلائی جائیگی ۔

انہوں نے بتایا کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف پورے پنجاب میں اس پروگرام کے دوسر ے مرحلہ کا 15جنوری کو افتتاح کریں گے اور بہترین صفائی ستھرائی والے ضلع کا خصوصی دورہ کریں گے انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لئے فی یونین کونسل چھ ماہ کے لئے چھ سینٹری ورکروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور معروف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زریعے کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں کو مقررہ ڈمپنگ سائٹ تک پہچاکر ڈمپ کیا جائیگا ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجا ب کی ہدایت پر اس پروگرام کی کامیابی کے لئے تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ مقامی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ،معززین اور عوام کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے تاکہ 20دسمبر تک پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جاسکے ۔ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی ،وائس چیئرمین ضلع کونسل رائے قمر زمان کھرل اور یونین ناظمین چودھری محمد بخش تارڑ اور عابد احسان چٹھہ نے صاف دیہات پروگرام کو اہم عوامی پروگرام قرار دیتے ہوئے اس کی کامیابی کے لئے اپنا بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ہر یونین کونسل میں مقامی افراد کی مدد اور لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ کوڑا کرکٹ اٹھوانے کا ٹارگٹ حاصل کیا جائیگا ۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کی زیر قیادت ضلع کو اس پروگرام میں صوبہ بھر میں اول پوزیشن دلوائی جائیگی ۔ڈپٹی کمشنر نے اس تعاون کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی مختلف یونین کونسلوں میں جاکر اس پروگرام کی کامیابی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :