سیالکوٹ کی یونین کونسل دھیرا سندھا کے دفتر کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا، سائلین رل گئے

یونین کونسل دھیرا سندھا کے دیہات دھیرا سندھا خورد ، چھاؤنی سلہریاں سمیت متعدددیہات کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، حکومت پنجاب سے کاروائی کا مطالبہ

جمعہ 24 نومبر 2017 21:34

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء) یونین کونسل دھیرا سندھا کے دفتر کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا ، سائلین رل گئے ، حکومت پنجاب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے دیہی علاقہ میں قائم یونین دھیرا سندھا کو گزشتہ چار روز سے تالے لگا کر بند کر دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری یونین کونسل اکثر و بیشتر اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے لگا اور نہ ہی مذکورہ یونین کونسل میں منتخب عوامی نمائندے موجود ہیں ۔

یونین کونسل دھیرا سندھا کے دیہات دھیرا سندھا خورد ، چھاؤنی سلہریاں سمیت متعدددیہات کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ درجنوں سائلین روزانہ کی بنیاد پر مذکورہ یونین کونسل کے دفتر میں چکر لگا رہے ہیں لیکن یونین کونسل کا عملہ مسلسل غائب ہے اور باقاعدہ طور پر یونین کونسل کو تالے لگا دئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

دور دراز سے آئے لوگ یونین کونسل کا دفتر بند ہونے کی وجہ سے سارا دن انتظار کرنے کے بعد گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اور گزشتہ چار روز سے یونین کونسل دھیرا سندھا کی یہی صورتحال ہے ۔

یونین کونسل کے علاقوں کے عوام بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے دربدرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ یاد رہے کہ مذکورہ یونین کونسل کے دیہات میں سیوریج کی ناقص صورتحال اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سمیت بنیادی مسائل پر علاقہ مکین شدید مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے مسلسل چشم پوشی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور ضلعی حکومت اس سلسلہ میں بے بس نظر آرہی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب سے علاقہ کی خستہ حالی اور یونین کونسل کی بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :