سیرت نبوی ؐپر عمل پیرا ہو کر ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے‘مولانا سید عبد الخبیر آزاد

عشق رسول ؐ کا تقاضایہ کہ سیر ت نبوی ؐکو کما حقہ اپنا یا جائے اور اپنے آپ کو اس کے مطابق ڈھالاجائے‘خطیب بادشاہی مسجد

جمعہ 24 نومبر 2017 21:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2017ء)خطیب بادشاہی مسجد لاہور و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزادنے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیاو آخرت کی کامیابی دین اسلام اور سنت رسول میں مضمر ہے ،سیرت نبوی پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ، ربیع الاول کا ماہ مبارک آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی احمد مجتبٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا ماہ مبارک ہے،اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق حقیقی کا تقاضا یہ ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مطہرہ کو کماحقہ اپنایا جائے اور اپنے آپ کو اس کے مطابق ڈھالا جائے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ اپنے کردار اور اپنی گفتارو اخلاق کریمہ سے دین اسلام کو پھیلایا اور زندگی گذارنے کیلئے شریعت مطہرہ کی شکل میں وہ زریں اصول دیئے جن کی روشنی میں انسان کامیابی کی منزلیں طئے کر سکتا ہے ،آج دنیا میں جو حالات و واقعات ہورہے ہیں وہ دین اسلام سے دوری ،خود غرضی ،انانیت ،فساد ، ناجائزقتل وغارت ، ہوس ،مادہ پرستی اور بے جا خواہشات کا شاخسانہ ہے ، اپنی زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھا لا جائے ،سادگی ا ختیا رکی جائے اور سیرت نبوی ؐ پر عمل کیا جائے تو بہتر او رکامیاب زندگی گذار سکتے ہیں ، اور جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں وہ اعلیٰ اخلاق اور زندگی گذارنے کے سنہری اصول دیئے جنہیں اپنا کرہی ہم دنیا کی بہترین قوم بن سکتے ہیں ،جب تک ہم ان اصولوں پر قائم تھے دنیا میں ہمارا ایک مقام تھا اور جب ہم نے ان اصولوں سے انحراف کیا ،دین سے دوری اختیار کی اور مادہ پرستی کی ہوس میں ڈوب گئے، پھر دنیا میں تباہی وبربادی ہمارا مقدر بن گئی ، اگر دنیا واخرت کی کامیابی چاہتے ہو تو پھر اپنے آپ دین اسلام میں مکمل طور پر ڈھال لو ،دونوں جہانوں کی کامیابی اسی میں مضمر ہے ،اللہ تعالی ہمیں جناب نبی کریم صلی اللہ کی سیرت اورکردار کو صحیح معنوں میں اپنا نے کی توفیق عطاء فرمائے،اورر اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم فرمائے ہمارے اس وطن کی حفاطت فرمائے اور ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام ونامراد بنائے ۔