وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے 10 سالہ ترقیاتی پیکج سے بلوچستان کے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی, عبیداللہ بابت

جمعہ 24 نومبر 2017 21:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبیداللہ بابت نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے 10 سالہ ترقیاتی پیکج سے بلوچستان کے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں امن وامان کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لار ہے ہیں شناختی کارڈ کے حصول میں پشتونوں کے ساتھ روا رکھے جانے والا دہرا معیار ختم ہونا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پشتون قوم سے تعلق رکھنے والے درجنوں لوگوں نے شناختی کارڈ کے حصول میں حائل رکاوٹوں کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال نواب سلیمان خلجی کی سربراہی میں شروع کررکھی تھی لوگوں کی مشکلات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے میں صوبائی مشیر صنعت و حرفت سردار در محمد ناصر اور اے این پی کی بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کی اور انہوں نے ہمیں اختیار دیا جس کے بعد ہم نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں جا کران سے بات چیت کرکے ان کی بھوک ہڑتال ختم کرائی جس کی بنیاد پر آج چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق کی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں ان تمام ایشوز اور مسائل کو بغور جائزہ لے کر حل کے لئے حکمت عملی کیساتھ اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ آج ملک بھر میں بننے والے شناختی کارڈ کے حصول میں بلوچستان کے پشتونوں کو جن مسائل کا سامنا ہے اس سے ان کی مشکلات میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے جس طرح لوکل اور ڈومیسائل کے حصول میں بھی مشکلات اوررکاوٹیں حائل ہیں ان چیزوں کا تدارک ہونا چاہئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دورہ کوئٹہ کے دوران کابینہ کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے عوام کی مشکلات کے حل کے لئے 10 سالہ ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کا پی سی ون اور دیگر معاملات کو مکمل کیا جارہا ہے اس 10 سالہ ترقیاتی منصوبے سے بلوچستان کے لوگوں کو صحت ‘ تعلیم ‘ پینے کے صاف پانی سمیت دیگر مسائل کے حل میں مدد ملے گی کیونکہ بلوچستان کے لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے جس میں ڈیمز کی تعمیر اور دیگر لوازامات بھی شامل ہیں امن وامان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر اس میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں کیونکہ آج ملک بھر کی طرح دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے لئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اسی طرح ہم بھی اس کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں ۔