خواتین اور نوعمر لڑکیوں پر ظلم و تشدد کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، بلاول بھٹوزرداری

پیپلزپارٹی ملک بھر میں اپنی ماوں و بہنوں کو تحفظ دینے کے معاملے پر ہمیشہ صف اول میں ہوگی، چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعہ 24 نومبر 2017 20:55

خواتین اور نوعمر لڑکیوں پر ظلم و تشدد کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین اور نوعمر لڑکیوں پر ظلم و تشدد کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا اور انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پیپلزپارٹی ملک بھر میں اپنی ماوں و بہنوں کو تحفظ دینے کے معاملے پر ہمیشہ صف اول میں ہوگی۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بروز ہفتہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ نے نشاندہی کی ہے کہ دنیا بھر میں خواتین و نوعمر لڑکیوں پر تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ انسانی حقوق کی سب سے زیادہ ہونے والی بدترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے۔ عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ایسی قانون سازی کو متعارف کروایا، حوصلہ افزائی کی اور منظور کروایا جس کا مقصد خواتین و بچیوں کو تحفظ دینا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جہاں خواتین اپنے آپ کو محفوظ اور محترم محسوس کرتی ہیں اور جہاں انہیں صنفی امتیاز کے بغیر نمایاں مقام دیا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ عوام کی حمایت کے باعث پیپلز پارٹی نے خاتون کو وزیراعظم منتخب کیا اور اسپیکر، وزرا، جج اور پولیس افسران وغیرہ کے طور پر مقرر کیا۔

وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو فرسٹ ویمن بینک کا قیام عمل میں لائیں اور انہوں نے خواتین کے لیئے علحیدہ پولیس اسٹیشنز قائم کرکے وہاں خواتین کو مقرر کیا تاکہ خواتین ہی خواتین کے معاملات کو دیکھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے شروع کی گئی مہم "خواتین پر تشدد کے خلاف ہم متحد ہیں" کی بھی حمایت کی۔