پیپلزپارٹی رنگ، نسل، مذہب، امیری غریبی اور نسلی تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، نثار احمدکھوڑو

پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت تیسری نسل ہے جو وعدوں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کرتی،صدر پیپلزپارٹی سندھ

جمعہ 24 نومبر 2017 20:31

پیپلزپارٹی رنگ، نسل، مذہب، امیری غریبی اور نسلی تعصب سے بالاتر ہوکر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) سندھ کے سینئر صو بائی وزیراور پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمدکھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی رنگ، نسل، مذہب، امیری غریبی اور نسلی تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس کے منشور کا فلسفہ محروم طبقے کی بالادستی کو قائم رکھنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت مساوات پر یقین رکھتے ہوئے بلاتفریق عوام کی خدمت کررہی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت تیسری نسل ہے جو وعدوں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کرتی۔ آج جو ملازمین مستقل ہوئے ہیں ان کے لئے حوصلہ ہے، امید تھی اور آنے والے ملازمین بھی اس آسرے میں ہوں گے کہ ہمیں بھی مستقل کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

ہم مشرف کے کالے قانون کے خلاف ہیں جس کے تحت ملازمین کو بغیر کسی نوٹس کے برخاست کیاجاتا تھا اسی لیے حکومت میں آتے ہی پہلے یہ کالاقانون ختم کیا جو انسان کو غیرمحفوظ اور منتظر رکھے ہم ایسے کالے قانون کو نہیں مانتے۔

آج تمام ملازمین کے چہروں پر ہم نے مسکراہٹے بکھیری ہیں۔ کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا عوام سے بالواسطہ ناطہ ہے۔ ہم تعصب پسند نہیں ہیں جان قربان کرنے سے بھی نہیں ڈرتے۔ عوام کے ووٹ اور حقوق کی خاطر فلاحی اقدام کرتے ہیں گولیوں اور کوڑوں سے نہیں ڈرتے ہمیشہ ہماری قیادت نے قربانی دی ہے اور ان قربانیوں کے نتیجے میں عوام کیلئے ہم کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو سیسی ہیڈآفس میں ادارے کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل، اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ،چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سید ناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ حکومت سندھ و پاکستان پیپلزپارٹی نے جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرتے ہوئے آج مستقلی کے آرڈرز ملازمین کو دیئے جارہے ہیں جو کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق تھا وہ پورا کیا۔

بلاول بھٹوزردار، آصف علی زرداری اور صوبائی صدرنثار کھوڑو کی بھی کوشش ہے کہ محنت کشوں اور عام لوگوں کوفوقیت دی جائے۔ آج کی تقریب میں میرے ساتھی سعید غنی صاحب کا بھی اہم کردار ہے جن کے چھوڑے ہوئے کام کو آج پایہ تکمیل پہنچایا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کا سیاسی قبلہ اور درسگاہ لاڑکانہ اور گڑھی خدابخش ہیں وہاں سے ہمیشہ عوام کی بات کی جاتی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ روزگار دیا ہے اور وہ بھی بلاتفریق۔ ہم تمام پارٹیوں کا احترام کرتے ہیں اور آج جن جن پارٹیوں کے ملازمین ہیں ان کے مسائل ہمیشہ بغیر کسی مت بھید حل کیے ہیں اور آئندہ بھی ترجیحی بنیادں پر حل کریں گے۔ موجودہ حکومت بیروزگاری کی شرح پر قابو پانے اور لوگوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ غربت کا خاتمہ ہو اور صوبہ و ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوں جس کا ثبوت آج کی یہ تقریب ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری لیبر عبدالرشید سولنگی، کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی محمدفاروق لغاری، وائس کمشنر شاہ محمدشاہ ،سیکریٹری سندھ ورکرز ویلفیئربورڈ آصف علی میمن، میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرممتازشیخ اور محمدخان ابڑو، گورننگ باڈی کے ممبران اور ادارے کے افسران اور پیپلزاسٹاف یونین کے صدر ملک محمدنویدخان، جنرل سیکریٹری امداد علی بھانبھن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ آخر میں تمام مہمانوں 430ملازمین کو مستقلی کے تقرر نامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر مہمانوں کو اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :